کورونا بحران کے دوران بیروزگاروں کوبڑی راحت،39ہزار287بیروزگاروں کو روزگارکی فراہمی: نواب ملک

جولائی میں 58ہزار157بیروزگاروں کا روزگار کے لیے رجسٹریشن

ممبئی: کورونا کے بحران کے دوران بیروزگاری کا بھی مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، مگر محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ، ایمپلائمنٹ اینڈانٹرپرینیورشپ کے تحتلاک ڈاؤن کے دوران ریاست کے تمام اضلاع میں منعقد کیے گیے آن لائن روزگار میلے و مہاسویم ویب پورٹل کے ذریعے تقریباً 21ہزار572بیروزگاروں کو روزگار ملا ہے۔

اس سے قبل اپریل تاجون میں 17ہزار 715بیروزگاروں کو روزگار دستیاب ہوا ہے۔اس طرح لاک ڈاؤ ن کے دور میں کل 39ہزار287روزگار کے متلاشی نوجوانوں کوروزگار فراہم کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ، ایمپلائمنٹ اینڈانٹرپرینیورشپ کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔

واضح رہے کہ بیروزگارامیدواروں اور تاجروں کے آپسی رابطے کے لیے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے https://rojgar.mahaswayam.gov.in ویب پورٹل شروع کیا ہے۔ اس ویب پورٹل پر بیروزگار امیدوار اپنی تعلیمی لیاقت، مہارت اور تجربہ وغیرہ کے بارے میں معلومات درج کرتے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی قابل امیدواروں کی تلاش میں کرنے والی کمپنیاں، تاجر، کارپوریٹس بھی اس ویب پورٹل پر اپنی معلومات درج کرکے مطلوب امیدوراوں کو تلاش کرسکتے ہیں۔ اس طرح بیروزگار امیدواروں اور تاجروں کے درمیان اس ویب پورٹل کے ذریعے رابطہ قائم کرایا جاتا ہے۔

اس ویب پورٹل کے ذریعے اپریل سے جون کے اواخر تک1 لاکھ 72ہزار165روزگار کے متلاشی امیدوار رجسٹریشن یا ری رجسٹریشن کرواچکے ہیں۔ اس کے علاوہ صرف جولائی مہینے میں 58 ہزار 157بیروزگاروں نے روزگار کے لیے رجسٹریشن یا ری رجسٹریشن کرایاہے۔ جولائی مہینے میں ممبئی ڈیویژن میں 12ہزار151، ناسک ڈیویژن میں 22ہزار260،پونے ڈیویژن میں 22ہزار260، اورنگ آباد ڈیویژن میں 6ہزار 275، امراوتی ڈیویژن میں 3ہزار366 اور ناگپور ڈیویژن میں 5ہزار579ملازمت کے متلاشی امیدواروں نے رجسٹریشن یا ری رجسٹریشن کیا ہے۔ جولائی کے اوخر تک 21ہزار572امیدواروں کو ملازمت فراہم کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ ممبئی ڈیویژن میں 3ہزار940، ناسک ڈیویژن میں 1ہزار321، پونے ڈیویژن میں 14ہزار521، اورنگ آباد ڈیویژن میں 1ہزار105، امراوتی ڈیویژن میں 414اورناگپور ڈیویژن میں 271امیدواروں کو ملازمت فراہم کی گئی ہے۔

محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے لاک ڈاؤن کے دوران ریاست بھر میں پنڈت دین دیال اپادھیائے آن لائن ملازمت میلوں کی ایک وسیع مہم شروع کی ہے۔ ہر ضلع میں آن لائن ملازمت میلے لگائے جارہے ہیں۔

اپریل سے جون تک تین مہینوں میں 24آن لائن ملازمت میلے منعقد ہوئے تھے اورجولائی میں 31میلے منعقد کیے گیے۔ جولائی میں منعقد میلوں میں 204تاجروں نے شرکت کی، جنہوں نے 19ہزار78ملازمتوں کے لیے آن لائن انٹرویو لیا۔ ان میں میلوں میں 18ہزار153ملازمت کے متلاشیوں نے حصہ لیا جن میں سے اب تک 1ہزار651نوجوانوں کو روزگار مل چکا ہے۔ باقی نوجوانوں میں سے بقیہ نشتوں کے لیے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ نواب ملک نے یہ بھی کہا ہے کہ محکمہ کی طرف سے تمام امیدواروں کو روزگار فراہم کرن کی کوشش کی جارہی ہے۔

نواب ملک کے مطابق آئندہ بھی محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کی جانب سے روزگار کی فراہمی کے لیے ایک مہم کے طور پر کام جاری رہے گا۔ ملازمت کے متلاشیوں کو ویب پورٹل https://rojgar.mahaswayam.gov.in پر اپنے آدھار نمبر کے ساتھ اندراج کرنا چاہئے

نیز پہلے سے اندراج کیے ہوئے امیدوار اپنی معلومات نئے سرے سے اپڈیٹ کریں۔ اس کے علاوہ قابل واہل امیدوراوں کی تلاش میں سرگرداں کمپنیاں، سرکاری شعبے، کارپوریٹس وکاروباری افرادبھی اس ویب پورٹل پر اپنی معلومات درج کریں۔