ٹرپل انجن کی ریاستی حکومت 50 فیصد ریزرویشن کی حد ختم کرانے کے لیے کب مودی حکومت کے پاس جائے گی؟
ممبئی:آج نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے ریاست میں کنٹریکٹ بھرتی سے متعلق حکومتی فیصلے کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے متعلق کہاجارہاہے کہ سرکاری ملا زمین کی کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کا فیصلہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے دور میں لیا گیا تھا۔ این سی پی کے ترجمان ودیا چوہان نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹریکٹ بھرتی کا جب فیصلہ ہوا تھا تو اس وقت نائب وزیراعلیٰ کون تھا اور فی الوقت کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے و نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اس وقت کیا کر رہے تھے؟
ودیاچوہان نے مزید کہا کہ آج دیویندر فڑنویس نے اشوک چوہان سے لے کر پرتھوی راج چوہان تک سب کچھ بتادیا کہ جی آر کس نے نکالا اوروہ رد کیسے کیا گیا، لیکن اس وقت جو اقتدار میں تھے اور جو لوگ آپ کے ساتھ اقتدار میں شامل ہیں ان کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ رہے ہیں۔فڈنویس کوچاہئے کہ وہ اس کا ٹھیکرا این سی پی کے قومی صدر شردپوار صاحب کے سرپر پھوڑنے کے بجائے اس وقت جو کابینہ میں تھے، اس ضمن میں ان کے رول کو پیشِ نظر رکھیں۔ ودیاچوہان نے سوال کیا کہ آج آپ تین سال کے لیے کنٹریکٹ کی بنیاد پر پولیس بھرتی کررہے ہیں، کیا آپ ان پولیس والوں کو اپنے مفاد کے تحت استعمال کرنے والے ہیں؟
ودیا چوہان نے کہا کہ آر آرپاٹل کے دور میں پولس بھرتی کی گئی تھی۔اس کے بعد دلیپ ولسے پاٹل کے دور میں بھی پولیس بھرتی ہوئی تھی۔ اب تک این سی پی کے قومی صدر شرد پوار نے ہی پولیس بھرتی میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ موقع دیا ہے۔ کیا فڈنویس یہ سب باتیں بھول رہے ہو؟ ودیا چوہان نے مزید کہا کہ این سی پی کے نوجوان لیڈر روہت پوار دسہرہ سے یووا سنگھرش یاترا نکالنے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ حکومت تشویش میں مبتلا ہوگئی ہے۔حکومت جانتی ہے کہ یووا سنگھرش یاترا کے ذریعے روہت پوار کے ساتھ مہاراشٹر بھر کے بے روزگار نوجوان شامل ہوں گے۔چونکہ اس حکومت نے نوجوانو ں کے لیے کچھ کرنے کے بجائے الٹے انہیں بیروزگار کیا ہے اس لیے اس کا فکرمند ہونا لازمی ہے اور اسی وجہ سے کنٹریکٹ بھرتی کا فیصلہ واپس لیا گیا ہے۔
نارائن رانے پرتنقید کرتے ہوئے ودیا چوہان نے کہا کہ نارائن رانے مراٹھوں کو تقسیم کر رہے ہیں۔ نارائن رانے خودیہ کام نہیں کررہے ہیں بلکہ بی جے پی انہیں ایسا کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ فی الحال بی جے پی مراٹھوں کے درمیان انگریزوں کی طرح سیاست کر رہی ہے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب آپ کی حکومت مرکز میں برسراقتدار ہے تو ریزرویشن کا مسئلہ کیوں حل نہیں ہوتا؟ یہ ریاستی حکومت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ مرکزی حکومت کا مسئلہ ہے۔ لیکن مرکزی حکومت مراٹھوں کو ریزرویشن نہیں دے گی، کیونکہ منڈل کمیشن نے او بی سی کو 27 فیصد ریزرویشن دیا ہے۔ اس کی بی جے پی نے مخالفت کی۔ اب بی جے پی او بی سی اور مراٹھا دونوں کو بھڑکا کرتقسیم کی سیاست کررہی ہے۔ ودیا چوہان نے فڈنویس سے سوال کیا ہے کہ جب مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے تو آپ ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد کو اٹھانے کے لیے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیوں نہیں کرہے ہیں؟