NCP Urdu News 10 June 2025

مہاراشٹر کی ترقی ہی اب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا بنیادی ایجنڈا ہوگا: اجیت پوار

ہمہ گیر پالیسی ہی ہماری پارٹی اور اجیت دادا کا نصب العین ہے: پرفل پٹیل

پارٹی کی نئی نسل نیشنلسٹ کانگریس کے اس طوفان کو آگے بڑھائے گی: سنیل تٹکرے

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا 26 واں یومِ تاسیس پونے میں شاندار انداز میں منایا گیا

پونے: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے 26ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی پارٹی کا بنیادی ایجنڈا مہاراشٹر کی ترقی ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی میں بھی ریاست اور ملک کے لیے مخلصانہ کام کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

اجیت پوار نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ہمیشہ مہاراشٹر کو اول مقام پر رکھنے کی پالیسی پر کاربند رہی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوام سے جڑیں، ان کے دکھ درد میں شریک ہوں اور پارٹی دفاتر کو سرگرم اور گہما گہمی سے بھرپور بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ شیواجی مہاراج، مہاتما پھولے، شاہو مہاراج اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات پر عمل کیا ہے اور ان اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر ذہن میں کبھی بھی سمجھوتے کا خیال آیا تو وہ ہمارے اصولوں کی شکست تصور کی جائے گی۔ اجیت پوار نے واضح کیا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا نظریہ جامع اور تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والا ہے۔

اجیت پوار نے کہا کہ کچھ عناصر جان بوجھ کر پارٹی کی شبیہ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے معاشرتی انصاف کے شعبے میں فنڈ کی منتقلی پر ہو رہی تنقید کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ قبائلی فلاح و بہبود کے شعبے کو 41 فیصد فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ ہم نے عوامی مشاورت کے بعد ہی ’لاڈکی بہن‘ اسکیم شروع کی اور اس میں وہی وعدے کیے گئے جو ہمارے وسائل کے دائرے میں ممکن تھے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے دعوے تو کیے جا سکتے ہیں، لیکن مالی جھوٹ نہیں بولا جا سکتا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بعض لوگ ایسی خبریں پھیلاتے ہیں جیسے اجیت پوار فنڈ جاری نہیں کرتے، کیا میں فنڈز جیب میں لے کر گھومتا ہوں؟۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فنڈز کی منظوری تین مراحل سے گزر کر دی جاتی ہے اور یہ مکمل شفاف نظام کے تحت انجام پاتا ہے۔ اجیت پوار نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ ہمیں بی جے پی کے ساتھ جانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، انہیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ 2019 میں ہم نے شیوسینا کے ساتھ بھی اتحاد کیا تھا۔ اگر اس وقت سمجھوتہ قابل قبول تھا تو آج تنقید کیوں؟ ہم مفاہمت اور ترقی کا سیاست کرتے ہیں، نہ کہ انتشار اور تفریق کا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست ہمیشہ جمع کی سیاست رہی ہے، تفریق کی نہیں۔

پارٹی کے قومی کارگزار صدر اور رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل نے کہا کہ پارٹی کی پالیسی ہمہ گیر اور جامع رہی ہے، اور اجیت پوار اس پالیسی کے اصل چہرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’لاڈکی بہن‘ اسکیم کے لیے دیگر محکموں کے فنڈز کی منتقلی اور ریاستی خزانے کے خالی ہونے کی باتیں محض افواہیں ہیں، جو کہ اپوزیشن کی جانب سے بدنامی کے مقصد سے پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی کی اہم ذمہ داری ہے کہ عوام کو حکومت کی اچھی اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کرے۔ پرفل پٹیل نے یہ بھی یاد دلایا کہ پارٹی کے قیام سے لے کر اب تک کا 26 سالہ سفر آسان نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں بھی این ڈی اے میں شمولیت کی کوشش کی گئی تھی، اور یہ صرف ان کا ہی نہیں بلکہ کئی دیگر رہنماؤں کا مشترکہ فیصلہ تھا۔ انہوں نے دو سال قبل کیے گئے فیصلے کو 2014 کے پس منظر سے جوڑتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے میں جانے کا رجحان اسی وقت سے تھا۔

این سی پی مہاراشٹر کے صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا کہ پارٹی کا یہ 26 واں یومِ تاسیس ایک نئے جوش و ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج کی نوجوان نسل اس پارٹی کے پیغام اور مشن کو پوری قوت سے آگے لے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کی قیادت میں دو سال قبل ایک اہم فیصلہ لیا گیا، جس کے بعد اگرچہ لوک سبھا میں پارٹی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی۔ سنیل تٹکرے نے کہا کہ ریاست کی عوام اجیت پوار کی قیادت کی خوبیوں کو پہچانتی ہے۔ اجیت پوار نے ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر کام کیا ہے، اور ان کی جانب سے شروع کی گئی ’لاڈکی بہن‘ اسکیم دو کروڑ پچاس لاکھ خواتین تک پہنچ چکی ہے، جو کہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک نیشنلسٹ کانگریس پارٹی مہا یوٹی میں کام کرتی ہے، لاڈکی بہنوں کے لیے فنڈز جاری کیے جاتے رہیں گے۔

پروگرام کا آغاز صبح 10:10 بجے سنیل تٹکرے کے ہاتھوں پرچم کشائی سے ہوا۔ اس کے بعد اجیت پوار نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کو خراج عقیدت پیش کیا اور اجلاس میں شرکت کے لیے تشریف لائے۔ اس تقریب میں خواتین ونگ کی صدر روپالی چاکنکر، اداکار سایاجی شندے، وزرا سنجے بنسوڈے، نرہری جھروال، حسن مشرف، سمیت کئی اہم رہنماؤں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نوجوان ونگ کے صدر سورج چوہان نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اجلاس میں اجیت پوار، پرفل پٹیل، سنیل تٹکرے، چھگن بھجبل، نواب ملک، حسن مشرف، انا بنسوڈے، مکرند پاٹل، بابا صاحب پاٹل، نرہری جھروال، مانیک راؤ کوکاٹے، آدیتی تٹکرے، اندرنیل نائک، دھننجے منڈے، انیل بھائی داس پاٹل، سنجے بنسوڈے، شیواجی راؤ گرجے، اویناش آدک، سمیر بھجبل، سنیترا پوار، نیتن پاٹل، پارتھ پوار، جے پوار، اور دیگر ایم ایل اے، ایم پی، اور پارٹی کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading