ممبئی میں دادر سے چمبور تک شاندار جلوس نکالا جائے گا، پرفل پٹیل، چھگن بھجبل اور نواب ملک کی شرکت متوقع
ممبئی: این سی پی کی جانب سے ریاست بھر میں 19 سے 27 فروری کے دوران شیواجی جینتی کے موقع پر ’سوراجیہ ہفتہ‘ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع این سی پی کے مرکزی ترجمان آنند پرانجے نے ایک پریس کانفرنس میں دی۔ ’ ریاست رعایا کی، ججاؤ کے شیواجی کی‘ کے نعرے کے تحت اس ہفتہ کے دوران شیواجی جینتی، سنت گاڈگے بابا جینتی اور یومِ مراٹھی زبان جیسے اہم مواقع کو یکجا کرتے ہوئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ آنند پرانجے نے مزید بتایا کہ اس کا مقصد چھترپتی شیواجی مہاراج کی وراثت کو اجاگر کرنا اور این سی پی کو شیواجی مہاراج کے اصولوں سے جڑا ہوا ظاہر کرنا ہے۔
یہ ہفتہ شیواجی مہاراج کے قائم کردہ ’رعایا کی ریاست‘ کے نظریے کو عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے منایا جائے گا۔ پارٹی کا مقصد اجیت پوار کی قیادت میں ایک ایسی حکومت کی تصویر پیش کرنا ہے جو شیواجی مہاراج کی حکمرانی کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کرتی ہو۔ اس ہفتہ کے تحت پارٹی کی جانب سے 19 فروری کو ممبئی میں ایک شاندار جلوس کا اہتمام کیا جائے گا جو شام 4 بجے شیواجی پارک دادر سے شروع ہو کر چمبور میں اختتام پذیر ہوگا۔ چمبور میں اس جلوس کا استقبال ایم ایل اے ثنا ملک کریں گی۔ اس موقع پر این سی پی کے قومی نائب صدر پرفل پٹیل، سینئر لیڈر چھگن بھجبل، سابق وزیر نواب ملک اور ایم ایل اے ثنا ملک موجود ہوں گی۔
اس موقع پر ’سیلفی وِد قلعہ‘ مہم کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے تحت عوامی چوراہوں پر مختلف تاریخی قلعوں کے ماڈل بنائے جائیں گے تاکہ لوگ ان کے ساتھ سیلفی لے سکیں۔ اس کے علاوہ ’شیواجی کی ریاست، بہوجنوں کی ریاست، رعایا کی ریاست‘کے موضوع پر لیکچرز، تصویری نمائشیں، کتابی میلے اور شیواجی کے دور کی اشیاء کی نمائش کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ پارٹی کی جانب سے مختلف وزارتوں کے عوامی فلاحی اقدامات کی تفصیلات عوام تک پہنچانے کے لیے نوٹس بورڈز اور سوشل میڈیا کیمپینز بھی چلائی جائیں گی۔
این سی پی کی خواتین ونگ کی جانب سے ’راج ماتا ججاؤ کا شیوا‘کے عنوان سے کئی ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، جن میں رنگولی، تاریخی گیت، پوواڑے اور ہر گھر میں شیواجی مہاراج اور ججاؤ کی تصاویر لگانے کا پروگرام شامل ہے۔ اس کے علاوہ نوجوانوں اور طلبہ تنظیموں کے ذریعے قلعوں کی صفائی مہم بھی چلائی جائے گی۔ علاوہ ازیں 19 فروری کو قلعہ شیونری پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، شیواجی پارک میں پرفل پٹیل، چھگن بھجبل اور نواب ملک، قلعہ پدم درگ پر ریاستی صدر سنیل تٹکرے اور قلعہ رائے گڑھ پر وزیر برائے اطفال ترقی ادیتی تٹکرے موجود ہوں گی۔
اسی طرح 19 سے 27 فروری کے دوران مختلف قلعوں پر این سی پی کے وزراء کی شرکت متوقع ہے۔ قلعہ پنہال گڑھ پر وزیر برائے طبی تعلیم حسن مشرف، قلعہ ہریش چندر گڑھ پر وزیر برائے خوراک و ادویات نرہری زِروال، قلعہ سنگھ گڑھ پر وزیر برائے شہری رسد دھننجے منڈے، قلعہ سالہیر پر وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے، قلعہ پورندر پر وزیر کھیل دتّا بھرنے، قلعہ پرتاپ گڑھ پر وزیر برائے امداد و بحالی مکرند پاٹل، قلعہ نل درگ پر وزیر برائے تعاون بابا صاحب پاٹل اور قلعہ دیوگری پر وزیر سیاحت اندرنیل نائیک موجود ہوں گے۔ طلبہ تنظیم کی جانب سے ’شیواجی کی رعایا کی ریاست‘کے عنوان پر تقریری اور مضمون نویسی مقابلے ہوں گے، جبکہ اقلیتی ونگ کی جانب سے ’سب کا راجا، شیواجی راجا‘ کے موضوع پر خصوصی لیکچر رکھا جائے گا۔ اس پریس کانفرنس میں این سی پی کے ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے اور ممبئی ونگ کے صدر سدھارتھ کامبلے بھی موجود تھے۔