چھترپتی شیواجی مہاراج یوم پیدائش: خصوصی پد یاترا کے انتظامات کو حتمی شکل
ضلع کلکٹر اشوک شنگارے کی صدارت میں جائزہ میٹنگ، اہم افسران کی شرکت
تھانے (آفتاب شیخ)
چھترپتی شیواجی مہاراج کی یوم پیدائش کے موقع پر 19 فروری 2025 کو ریاست بھر کے تمام اضلاع میں صبح 7:30 بجے سے 9:30 بجے تک خصوصی پد یاترا کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے منصوبہ بندی اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے تھانے ضلع کلکٹر کے دفتر کے کمیٹی ہال میں ایک اہم جائزہ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت ضلع کلکٹر اشوک شنگارے نے کی۔
جائزہ میٹنگ میں ڈپٹی کلکٹر (جنرل ایڈمنسٹریشن) ہریش چندر پاٹل، تحصیلدار سچن چودھری، تھانے میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر امیش براری، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سوورنا برٹاکے اور مختلف میونسپل کارپوریشنوں کے دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پد یاترا کے دوران عوامی تحفظ اور سیکورٹی کو اولین ترجیح دی جائے۔ ضلع کلکٹر اشوک شنگارے نے افسران کو ہدایت دی کہ ٹریفک انتظامات، ہنگامی خدمات، اور صاف صفائی کے انتظامات کو مؤثر طریقے سے انجام دیا جائے تاکہ یاترا میں کسی قسم کی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ پد یاترا کے روٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کریں۔ شرکاء کی رہنمائی کے لیے معلوماتی بورڈز اور سائن بورڈز کی تنصیب کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ یاترا کے دوران کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔ عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی تشہیری مہم چلانے کی تجویز دی گئی، جس میں مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے یاترا کے متعلق آگاہی دی جائے گی۔
اس موقع پر ضلع کلکٹر اشوک شنگارے نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی عظمت اور ان کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پد یاترا نہ صرف شیواجی مہاراج کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے بلکہ نئی نسل کو ان کے اصولوں سے روشناس کروانے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔
میٹنگ میں یاترا کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکموں کو آپس میں بہتر تعاون اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ یاترا عوامی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہو کر ایک یادگار تقریب بنے گی۔