مہاراشٹر کانگریس کے نو منتخب صدر آج اپنے عہدہ سنبھالیں گے

رمیش چنیتھلا، مکل واسنک، پون کھیڑا، عمران پرتاپ گڑھی، بالا صاحب تھورات، وجے ویڈیٹی وار اور دیگر اہم لیڈران کی شرکت

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے نو منتخب صدر ہرش وردھن سپکال کل (آج) منگل 18 فروری 2025 کو اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھالیں گے۔ یہ تقریب ممبئی کے میرین لائنز میں واقع برلا ماتوشری آڈیٹوریم میں دوپہر 1 بجے منعقد کی جائے گی، جہاں وہ نانا پٹولے سے ریاستی صدر کا منصب حاصل کریں گے۔

اس تقریب میں مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری مکل واسنک، کانگریس کے سینئر لیڈر و کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن بالا صاحب تھورات، ریاستی اسمبلی میں کانگریس کے لیڈر وجے وڈیٹی وار، سابق وزرائے اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور سشیل کمار شندے، اے آئی سی سی کے میڈیا و کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی امور کے صدر و رکن راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی، مہاراشٹر کانگریس کے نائب صدر و کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن نسیم خان سمیت دیگر سینئر لیڈران، عہدیداران اور کارکنان موجود ہوں گے۔ ریاستی کانگریس کمیٹی نے تمام پارٹی کارکنوں سے اس تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ نانا پٹولے نے چار برسوں تک مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کی قیادت میں ہونے والے اسمبلی، ضمنی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو ریاست میں خاطر خواہ کامیابی ملی۔ اسمبلی انتخابات کے بعد ان کے مستعفی ہونے کے بعد ہرش وردھن سپکال کو پردیش صدر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ نومنتخب ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھالنے سے قبل مختلف مقامات پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ صبح 9 بجے وہ گیٹ وے آف انڈیا پر چھترپتی شیواجی مہاراج کو خراج عقیدت پیش کریں گے، اس کے بعد صبح 9:30 بجے ہتاتما چوک میں شہداء کی یادگار پر حاضری دیں گے۔ صبح 10 بجے وہ منی بھون پہنچ کر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے، جبکہ صبح 10:30 بجے چیتیہ بھومی، دادر میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ صبح 11 بجے وہ دادر میں شری سدھی ونایک مندر میں حاضری دیں گے۔ دوپہر 12 بجے تلک بھون میں سبکدوش ہونے والے ریاستی صدر نانا پٹولے سے عہدے کی ذمہ داریوں کی باضابطہ منتقلی ہوگی، اور دوپہر 1 بجے وہ میرین لائنز میں برلا ماتوشری آڈیٹوریم میں ایک باوقار تقریب کے دوران ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading