مہاراشٹر میں بچوں کی اموات پر تشویشناک
این سی پی ایس پی کی جانب سے حکومت سے فوری ٹھوس اقدامات کا مطالبہ
ممبئی: 8 جولائی 2025۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد چندر پوار کے چیف ترجمان مہیش تپاسے نے مہاراشٹر حکومت سے سخت سوالات کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں بچوں کی اموات کی سنگین صورتحال پر فوری وضاحت پیش کی جائے اور عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ اور خاندانی فلاح و بہبود کے وزیر پرکاش ابتکر نے حال ہی میں مہاراشٹر اسمبلی میں تحریری جواب دیتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ اپریل 2024 سے فروری 2025 کے درمیان ریاست میں 12,438 بچوں کی اموات ہو چکی ہیں، جو کہ ایک تشویشناک اور دردناک حقیقت ہے۔ تپاسے نے اس انکشاف کو موجودہ حکومت کی ترجیحات پر ایک سنگین سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔
مہیش تپاسے نے کہا کہ کولہاپور ضلع میں سب سے زیادہ 1,736 بچوں کی اموات ریکارڈ کی گئیں، جن میں 11 نوزائیدہ بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار نہ صرف پریشان کن ہیں بلکہ یہ حکومت کے صحت کے نظام کی ناکامی کو بے نقاب کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو صرف تعداد بتا کر بری الذمہ نہیں ہو جانا چاہیے، بلکہ اس کی مکمل تفصیل بھی فراہم کی جانی چاہیے تاکہ اصل وجوہات اور محرکات کو سمجھا جا سکے۔ این سی پی ایس پی نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وزیر کے جواب میں بچوں کی اموات کی عمر کے لحاظ سے کوئی تفصیل نہیں دی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ ان اموات کی اصل وجوہات کیا تھیں۔ مہیش تاپسے نے کہا کہ جب اتنی بڑی تعداد میں بچے جان سے جا رہے ہوں تو حکومت کی یہ خاموشی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے اس رویے کو غیر ذمہ دارانہ اور جواب دہی سے بچنے کی کوشش قرار دیا۔
مہیش تپاسے نے کہا کہ پارٹی حکومت سے یہ جاننا چاہتی ہے کہ معصوم بچوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں؟ اور آخر حکومت نے ابھی تک ان اموات کی عمر وار تفصیلات اور وجوہات کو عوام کے سامنے کیوں نہیں رکھا؟ ان کا کہنا تھا کہ صرف اعتراف کافی نہیں، جب تک عوام کو صحیح معلومات نہیں دی جاتیں اور ان کے مطابق مؤثر پالیسیاں نہیں بنائی جاتیں، تب تک یہ اعداد و شمار محض ایک سانحہ بن کر رہ جائیں گے۔
مہیش تپاسے نے زور دیا کہ بچوں کی زندگیاں سب سے مقدم ہیں اور حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان اموات پر سنجیدگی سے غور کرے، مکمل معلومات فراہم کرے اور ایک جامع ایکشن پلان پیش کرے تاکہ مستقبل میں ان اموات کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی ایس پی اس مسئلے پر خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ حکومت پر دباؤ ڈالتی رہے گی تاکہ شفافیت، جواب دہی اور بچوں کی صحت و سلامتی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ صرف اعتراف نہیں، بلکہ مؤثر عمل ہی عوام کا اعتماد بحال کر سکتا ہے۔
NCP-SP Urdu News 8 July 25.docx