NCP-SP Tapase UrduNews 25 Sep 24

اسمبلی الیکشن میں مہایوتی تین ہندسے تک نہیں پہنچ پائے گی: مہیش تپاسے

ممبئی: مہاراشٹر کی سیاست میں تیزی سے بدلتے حالات کے دوران این سی پی- ایس پی کے چیف ترجمان مہیش تپاسے نے مہایوتی اتحاد کے بارے میں بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی، شیوسینا (شندے گروپ) اور اجیت پوار کا اتحاد آئندہ اسمبلی انتخابات میں تین کا ہندسہ عبور نہیں کرےگا۔ اسے 100 سیٹیں بھی ملنا مشکل ہے۔ تپاسے کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر کے عوام بی جے پی کی مرکزی قیادت سے نالاں ہیں اور یہ ناراضگی مہایوتی اتحاد کی گرتی ہوئی عوامی حمایت کا سبب بن رہی ہے۔

تپاسے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت کے خلاف عوام میں واضح ناراضگی پائی جاتی ہے۔ جب بھی ان کے بڑے لیڈر مہاراشٹر کا دورہ کرتے ہیں، مہایوتی کی حمایت مزید کم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر امت شاہ کے حالیہ دورے کا ذکر کیا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو ملنے والے ووٹوں کا تناسب 10 فیصد بڑھایا جائے گا۔

تپاسے نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ مہایوتی کا ووٹ شیئر 20 فیصد تک گھٹ جائے گا۔ مہاراشٹر کے عوام بی جے پی کی اقتدار کی ہوس سے بیزار ہو چکے ہیں۔ بی جے پی نے مہاراشٹر میں اپنی کامیابی کے لیے ہمیشہ مرکزی قیادت پر انحصار کیا، لیکن اب یہاں کے لوگ جوابدہی اور ترقی چاہتے ہیں، جو انہیں مہایوتی اتحاد نہیں دے سکا ہے۔ ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار کے ایم ایل ایز کو توڑ کر ایک غیر آئینی حکومت بنانے کو ریاست کی عوام نے قبول نہیں کیا ہے۔

تپاسے نے کہا کہ سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مہاراشٹر میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے اور این سی پی (شرد پوار گروپ) نے خود کو عوامی امنگوں کی ترجمان جماعت کے طور پر پیش کیا ہے۔ امت شاہ کے ناگپور دورے میں بی جے پی کی انتخابی حکمت عملی پر زور دیے جانے کے باوجود، تپاسے کے دعوے نے اس بات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کہ کیا بی جے پی کی قیادت پر انحصار کرنے کی پالیسی مہاراشٹر کے عوامی غصے کا سامنا کر سکے گی؟

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading