سومیا دو کا الزام دو کوڑی کا بھی نہیں ہوتا ہے اس لئے ایک روپیہ کا دعویٰ کیا جائے گا
ناگپور: بی جے پی کے لیڈر اور سابق ایم پی کریٹ سومیا کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کے لیڈروں پرمسلسل کیچر اچھالتے رہتے ہیں۔ بے بنیاد پر الزامات عائدکرکے بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سومیا کے بے بنیاد اور بیہودہ الزامات کے خلاف اب ان کے خلاف عدالت میں دیوانی وفوجداری پٹیشن داخل کی جائے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان اتل لونڈھے نے دی ہے۔
اتل لونڈھے نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کریٹ سومیا نے ایک پرائیویٹ نیوز چینل پر بات کرتے ہوئے یہ جھوٹا الزام لگا کر کانگریس پارٹی کو بدنام کیا تھا کہ وصولی کی رقم کا 40 فیصد شیوسینا، 40 فیصد این سی پی اور 20 فیصد کانگریس کو جاتا ہے۔سومیا کی اس بے بنیاد اور جھوٹے الزام کے خلاف اب ان کے خلاف عدالت میں شکایت درج کرائی جائے گی اور چونکہ ان کا یہ الزام دو کوڑی کا بھی نہیں ہے اس لئے ایک روپئے کا دعویٰ کیا جائے گا۔اتل لونڈھے نے کہا کہ سومیا مسلسل جھوٹے الزامات لگا کر مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈروں کو بدنام کر رہے ہیں۔وہ خودتفتیشی افسر بنے ہوئے اور خود ہی جج بھی بنے ہوئے ہیں اور اسی زعم میں وہ بے تکی اور بیہودہ بیان بازیاں کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے تمام حدیں پار کردی ہیں اس لئے ان کو بے تکے اور بیہودہ الزامات کا خمیازہ بھگتناچاہئے۔ سومیا کے الزامات کی جو قیمت ہے ہم اسی کے مطابق ان کے خلاف دعویٰ کریں گے، چونکہ ان کے الزامات دو کوڑی کے بھی نہیں ہیں اس لئے ہم ان کے خلاف ایک روپئے کا دعویٰ کریں گے۔
ادھوری معلومات کے حامل شیشادری چاری کو اچانک جناح سے اتنی محبت کیوں ہوگی؟ رتناکر مہاجن
ممبئی:آر ایس ایس کے سویم سیوک شیشادری چاری کے اس بیان پر کہ ’اگر محمد علی جناح کو وزیر اعظم بنا دیا جاتا تو ملک کی تقسیم سے بچا جا سکتا تھا، لیکن کانگریس کے لیڈروں نے ایسا نہیں ہونے دیا‘۔کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر رتناکرمہاجن نے سخت تنقید کی ہے اور انہیں تاریخ سے بے بہرہ بتایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شیشادری چاری یہ باتیں دراصل اپنی ادھوری معلومات کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں۔ اگر انہیں معمولی تاریخ کا بھی علم ہوتا تو وہ یہ باتیں نہ کہتے۔ لیکن مثل مشہور ہے کہ جہالت کو چھپایا نہیں جاسکتااور شیشادری چاری نے یہ باتیں کہہ کر اسی کا ثبوت پیش کیا ہے۔ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ تاریخ یہ ہے کہ مہاتماگاندھی نے تقسیم کو روکنے کے لئے خود جناح سے آزاد بھارت کا وزیراعظم بننے کی درخواست کی تھی۔ انہیں اپنے گلے لگایا تھا، آفر دیا تھا لیکن جناح نے ٹھکرادیا تھا۔
ڈاکٹر رتناکرمہاجن نے مزید کہا کہ اتنے برسوں تک جس شخص کو تاریخ میں ایک ولن کے طور پر سرزنش کی گئی،جن کے مزار پر جاکر تعریف کرنے کی پاداش میں لال کرشن اڈوانی کو سزا دی گئی اسی جناح کے تیں شیشادری چاری میں آج اتنی محبت کیسے پیدا ہوگئی؟ آر ایس ایس کو تقسیم کے مخالف ہندوتواوادی لوگوں کو اگرایسا لگ رہا تو انہیں بتانا چاہئے کہ ساورکر وگولوالکر نے اس کے لئے کیا کیا؟