ایم وی اے کے درمیان اسمبلی وپارلیمانی سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت جلد
شولاپور پارلیمانی سیٹ کانگریس پارٹی کی ہے، وہاں کانگریس کی طاقت مزید بڑھے گی
ممبئی:ریاست میں کانگریس، این سی پی وشیوسینا ادھوبالاصاحب ٹھاکرے جیسی تین پارٹیوں کی مہاوکاس اگھاڑی اب بھی مضبوط ہے۔ گزشتہ تین سالوں میں ایم وی اے نے بی جے پی کو پٹخنی دینے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ سیٹوں کی تقسیم کو لے کراگھاڑی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے بعد مہاوکاس اگھاڑی میں شامل پارٹیوں کے لیڈران ایک ساتھ بیٹھیں گے اور آئندہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کریں گے۔یہ بات مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے پیر کو شولاپور میں میڈیا سے بات چیت میں کہی ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر ناناپٹولے اندنوں ستارہ وشولاپور کے دورے پر ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ اور اسمبلی انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم پر اگھاڑی کے اتحادیوں کے درمیان جلد ہی بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شولاپور پارلیمانی سیٹ کانگریس کی ہے۔ اس حلقے سے گزشتہ کئی سالوں سے کانگریس کے امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں اور مستقبل میں بھی یہ سیٹ کانگریس کے پاس ہی رہے گی۔ پٹولے نے واضح طور پر کہا کہ اس ضلع میں کوئی گروہ بندی نہیں ہے، تمام لیڈران اور کارکن متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی کے پروگراموں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شرکت کر رہی ہے اور عوام کے تعاون سے ہماری پارٹی ایک بار پھر ضلع میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ پٹولے نے کہا کہ آج ریاست کے کسان آسمانی آفات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن ریاست کی بے حس ’کھوکھے‘ حکومت کسانوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ اب میں نے یہی دعاکرتاہوں کہ خداکسانوں کو بے موسمی بارش سے بچائے۔