چھترپتی شیواجی کی توہین بی جے پی کی سوچی سمجھی سازش!:

بی جے پی ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی؟

ممبئی:ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی نے چھترپتی شیواجی کی توہین کرنے کی منصوبہ بند سازش تیار کررکھی ہے۔ گزشتہ ایک مہینے میں بی جے پی کے چار سے پانچ لیڈر چھترپتی شیواجی کی توہین کرنے والے بیانات دے چکے ہیں، لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔شیواجی کی توہین کے یہ واقعات انجانے میں نہیں ہوئے ہیں بلکہ یہ مہاراشٹر کے آدرش شیواجی کو بدنام کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔

ناناپٹولے نے کہا کہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے چھترپتی شیواجی کا مرکزی وزیر نتن گڈکری سے موازنہ کرتے ہوئے چھترپتی کو پرانے دور کا اور گڈکری کو نئے دور کا ہیرو قرار دیا گیا۔ اس کے بعد بی جے پی کے ترجمان سدھانشو ترویدی نے بھی بے شرمی سے کہا کہ شیواجی نے اورنگ زیب سے پانچ بار معافی مانگی تھی۔ مہاراشٹر کے وزیر سیاحت منگل پربھات لوڈھا نے آگرہ جیل سے چھترپتی کے فرار کا موازنہ چیف منسٹر ایکناتھ شندے کی سیاسی بغاوت سے کیا۔ ایم ایل اے پرساد لاڈ کا دعویٰ ہے کہ مہاراج کی پیدائش کوکن میں ہوئی تھی۔ بات یہیں نہیں رکی بلکہ اب مرکزی وزیر مملکت راؤ صاحب دانوے کا شیواجی کاتنہا ذکر کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ اس سے قبل چھندم نامی بی جے پی لیڈر نے بھی ایسا ہی دعویٰ کیا تھا۔ ان تمام بیانات میں ایک بات مشترک ہے کہ چھترپتی شیواجی کی توہین کرنے والے سبھی لوگ بی جے پی کے ہیں۔

کانگریس کے ریاستی صدرنے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی کو قومی شخصیات کی توہین کرکے ان کو بدنام کرنے کا کوئی احساس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اس طرح کے تضحیک آمیز بیانات کھلے عام دئیے جا تے ہیں تو امید کی جاتی ہے کہ بی جے پی کے بڑے لیڈر ان بیانات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کریں گے لیکن افسوس کہ ایسا کچھ نظر نہیں آ رہا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی لیڈر اقتدار کے نشے میں اس قدر بدمست ہوچکے ہیں کہ قومی شخصیات کی توہین کرنے سے بھی نہیں چوک رہے ہیں، لیکن انہیں یہ سمجھ لینا چاہیے کہ مہاراشٹر کے لوگ اپنے ہیروز کی توہین کو کبھی برداشت نہیں کریں گے اور اس کے لیے بی جے پی کو ضرور سخت سبق سکھائیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading