ہاتھرس مقتولہ کے اہلِ خانہ کے انصاف کے لیے آج کانگریس کا ستیہ گرہ: یوگی آدتیہ ناتھ کو اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق نہیں، ’بیٹی بچاؤ‘ کا نعرہ دینے والے وزیراعظم خاموش کیوں؟

ممبئی: اترپردیش کے ہاتھرس میں ہوئے واقعے نے ملک کو شرمندہ کردیا ہے لیکن بی جے پی کے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی ہمدردی ہنوز سورہی ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے ذریعے اس معاملے میں نہایت غیرذمہ داری وآمریت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ متاثرہ کے اہلِ خانہ کو انصاف دینے کے بجائے اترپردیش کی حکومت انہیں دھمکیاں تک دینے پر اترآئی ہے۔ متاثرہ کے اہلِ خانہ کو انصاف دلانے کے لیے کانگریس پارٹی جدوجہد کررہی ہے اور اسی سلسلے میں پیر(آج) ریاست بھر میں ستیہ گرہ کیا جائے گا۔ متاثرہ خاندان کو انصاف ملنے تک کانگریس کی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بالاصاحب تھورات نے دی ہے۔

اس تعلق سے انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں میں خواتین وبچیاں محفوظ نہیں ہیں۔ بیٹی بچاؤ کا نعرہ دینے والے وزیراعظم نریندرمودی خاموش ہیں۔ کانگریس پارٹی اترپردیش کی مغرور وآمر حکومت سے جواب طلب کرنے کے لیے پیر کو ریاست گیر ستیہ گرہ کرے گی۔ ریاست کے تمام اضلاع وصدر دفاتر کے سامنے یہ ستیہ گرہ کیا جائے گا۔ میں خود ممبئی میں ستیہ گرہ میں شریک رہونگا۔

ہاتھرس معاملے کی تفتیش سپریم کورٹ کے ذریعے ہونی چاہئے۔ ہاتھرس کے کلکٹر کو معطل کیا جائے، مقتولہ کی میت کو پولیس نے پٹرول ڈال کر کیوں جلایا؟ اترپردیش انتظامیہ نے کیوں مسلسل گمراہ کیا؟ متاثرہ کے اہلِ خانہ کو دھمکیاں کیوں دی گئیں نیز جس میت کو جلایا گیا وہ مقتولہ کا ہی تھا، اس پر کیسے یقین کیا جائے؟ ان سوالوں کے جواب حاصل کرنا متاثرہ کے اہلِ خانہ کا حق ہے اور ان سوالوں کے جواب اترپردیش کی یوگی حکومت کو دینا ہی پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کے متکبرانہ وآمرانہ مزاج نے جمہوریت کو بالائے طاق رکھ دیا ہے۔ کانگریس کے ممبرپارلیمنٹ راہول گاندھی وجنرل سکریٹری پرینکاگاندھی کو ہاتھرس جاتے ہوئے روکا گیا اور ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، انہیں دھکا دیا گیا۔

اترپردیش حکومت کی جبر کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مہاراشٹر سمیت پورے ملک میں کانگریسی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے غم وغصے کا اظہار کیا۔ بالآخر مجبور ہوکر یوپی حکومت نے راہول گاندھی وپرینکاگاندھی کو متاثرہ کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کی اجازت دی۔

لیکن جاتے ہوئے راستے میں کانگریس کارکنان کو لاٹھیوں سے مارا گیا اور اہنکار کے نشے میں ڈوبے ہوئے پولیس افسران نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے کپڑے کو ہاتھ لگانے کی حد تک پہونچ گئے۔ اس سے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی خواتین کے تئیں گھٹیا ذہنیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ یہ بی جے پی کا اقتدار کا نشہ ہے اور ملک کی عوام یہ نشہ اتارے بغیر نہیں رہے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading