زینت شبرین کی قیادت میں نوجوانوں کو نئی سمت ملے گی: ہَرش وردھن سپکال

زینت شبرین یوتھ کانگریس کا انمول سرمایہ ہیں، سیاست میں کچھ کر دکھانے کا جذبہ اور خدمت کا عزم ان کی پہچان ہے

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ زینت شبرین سیاست میں ایک نایاب ہیرے کی مانند ہیں، جو عزم، حوصلے اور جدوجہد کے جذبے سے سرشار ہیں۔ ان کی کوئی خاندانی سیاسی پس منظر نہیں، لیکن ان کے اندر خدمتِ خلق کا ولولہ اور محنت کی غیر معمولی طاقت ہے۔ ان کی قیادت میں ممبئی یوتھ کانگریس کو ایک نئی سمت اور مضبوط شناخت ملے گی۔

ہرش وردھن سپکال نے یہ باتیں ممبئی یوتھ کانگریس کی نو منتخب صدر زینت شبرین کے عہدے کا چارج سنبھالنے کی تقریب کے دوران کہیں۔ یہ تقریبِ یشونت راؤ چوہان سینٹر ممبئی میں منعقد ہوئی، جس میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال کے علاوہ آل انڈیا یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب اور کئی سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر زینت شبرین کے ساتھ دیگر عہدیداروں نے بھی اپنے عہدے کا چارج لیا۔ اس تقریب میں سی ڈبلیو سی ممبر نسیم خان، ایم ایل اے بھائی جگتاپ، ریاستی نائب صدر موہن جوشی، مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سندھیا سوالاکھے، قومی ترجمان چرن سنگھ سپرا، یوتھ کانگریس انچارج اجے چنکارا، ریاستی یوتھ کانگریس صدر شیوراج مورے، ممبئی انچارج پون مجیٹھیا، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ سندیش کونڈولکر، بھوشن پاٹل، شاہ عالم شیخ اور بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔

کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن نسیم خان نے کہا کہ پارٹی کے سینئر لیڈروں کو اپنے کارکنان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے ’ایک بوتھ، دس یوتھ‘ کے فارمولے پر عمل کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور بدعنوانی کے مسائل شدت اختیار کرچکے ہیں، جبکہ بلدیاتی انتخابات پانچ برسوں سے مؤخر کیے جا رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کے تحت انتظامیہ میں بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے۔ نسیم خان نے کہا کہ یوتھ کانگریس کو عوامی مسائل اٹھا کر حکومت سے جواب طلبی کرنی چاہیے اور راہل گاندھی کے مشنِ جمہوریت کو تقویت پہنچانی چاہیے۔ جبکہ آل انڈیا یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بی جے پی حکومت ملک کے نوجوانوں کی آواز دبانے کی کوشش کرتی ہے تو ایسے وقت میں یوتھ کانگریس کے عہدیداروں کے پیچھے سب کو مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زینت شبرین میں جدوجہد اور قیادت کی صلاحیت ہے اور ان کی سربراہی میں ممبئی یوتھ کانگریس ضرور بہتر کارکردگی دکھائے گی اور کانگریس کا وقار بلند کرے گی۔

یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوراج مورے نے کہا کہ مہاراشٹر میں آج حالات نہایت نازک ہیں، کیونکہ ورشا بنگلے پر ’دیوابھاؤ‘ نام کا سیاسی راکشس بیٹھا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مہا یوتی حکومت کے خلاف سڑک پر اتر کر عوامی جدوجہد کی جائے گی۔ ممبئی یوتھ کانگریس کی نو منتخب صدر زینت شبیرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیاست خدمت کا میدان ہے، اقتدار کا نہیں۔ 2004 میں جب وزیرِاعظم بننے کا موقع آیا تو سونیا گاندھی نے اسے ٹھکرا دیا تھا، یہی قربانی انہیں آج بھی سیاست میں رہنمائی کا سرچشمہ بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی وہ شہر ہے جہاں کانگریس کی بنیاد رکھی گئی اور جو راجیو گاندھی کی جائے پیدائش ہے۔ اس شہر کی یوتھ کانگریس کی صدر بننا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں میں بیروزگاری بڑھ رہی ہے، خودکشیوں کی شرح خطرناک حد تک جا پہنچی ہے اور ان مسائل کے خلاف آواز اٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بلدیہ انتخابات جلد متوقع ہیں اور یوتھ کانگریس پارٹی کو کامیاب بنانے کے لیے پورے جوش و جذبے سے میدان میں اترے گی۔

MPCC Urdu News 4 November 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading