سوشانت سنگھ معاملے میں بی جے پی کی سازش بے نقاب، کانگریس کا ایس آئی ٹی سے تفتیش کا مطالبہ مہاراشٹرکو بدنام کرنے کی سازش رچنے والے ماسٹر مائنڈکو تلاش کیا جائے: سچن ساونت

ممبئی: ایمس کے ڈاکٹر سدھیر گپتا وان کی ٹیم کے ذریعے سوشانت سنگھ کی خودکشی کی رپورٹ دیئے جانے کے بعد ممبئی پولیس کا رول صاف ہوگیاکہ اس نے اس معاملے کی تفتیش ایمانداری کے ساتھ صحیح سمت میں کی تھی۔

سپریم کورٹ نے بھی اس بات پر مہر لگائی تھی کہ ممبئی پولیس کی تفتیش ایماندارانہ اور بہتر تھی۔ اس لیے سوشانت سنگھ معاملے میں ممبئی پولیس ومہاراشٹر کو بدنام کرنے والی بی جے پی کے چہرے سے نقاب اترگیا ہے۔لہذا ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی سازش رچنے والے ماسٹر مائنڈ کو تلاش کرنے کے لیے ایس آئی ٹی کی تشکیل کرے۔ یہ مطالبہ آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کیا ہے۔

اس تعلق سے بات کرتے ہوئے سچن ساونت نے کہاکہ مودی سرکار کی ناکامیوں کو چھپانے اور سوشانت سنگھ معاملے کو بہارمیں استعمال کرتے ہوئے اپنی سیاسی روٹی سینکنے کے لیے بی جے پی نے ایک بڑی منصوبہ بندی کی تھی۔ اسی کے ساتھ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو کمزور کرنے نیز مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی سازش بھی رچی تھی۔ بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گپتیشور پانڈے نے بھی بدنامی کی اس سازش میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کے لیے راتوں رات سیکڑوں جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کھول کر ان کے ذریعے مہاراشٹر وممبئی پولیس کی خوب بدنامی کی گئی۔ یہ پوری سازش اب بے نقاب ہوچکی ہے۔

ساونت نے مزید کہا کہ گودی میڈیا نے بھی مہاراشٹر کو بدنام کرنے کا ایجنڈا چلایا۔ تفتیشی ایجنسیوں نے بھی جھوٹی معلومات دیں۔ یہاں تک کہ سی بی آئی کے حوالے سے یہ تک کہا جانے لگا تھا کہ 302کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ بی جے پی کے لیڈران نے اپنے آئی ٹی سیل اور گودی میڈیا کے سہارے منصوبہ بند طریقے سے مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن پارٹیوں کی حکومتوں کو بدنام کرنے کا بی جے پی کا طریقہ کار جمہوریت کے لیے نہایت خطرناک ہے اس لیے اس معاملے کی تہہ میں جاکر اس کے ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کیا جانا ضروری ہے۔ اس لیے مہاوکاس اگھاڑی حکومت سے ہم مطالبہ کرتے ہیں وہ اس کی تفتیش کے لیے ایس آئی ٹی کی تشکیل کرے اور مہاراشٹر اور ممبئی پولیس کو بدنام کرنے کی سازش رچنے کو بے نقاب کرے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading