لوک سبھا انتخابات کی تیاری کے لیے کانگریس کی 2 اور 3 جون کو حلقہ وار میٹنگ

66
  • کانگریس پارٹی کا ہدف متعصب اور فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دینا ہے

ممبئی:آنے والے پارلیمانی انتخاب میں ریاست میں فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دینے کی غرض سے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے 2 اور 3 جون کو پارٹی دفتر تلک بھون میں ریاست کے تمام سرکردہ لیڈران وضلعی صدور کی ایک اہم میٹنگ منعقد کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اس میٹنگ میں ہر حلقے کی صورت حال پر تمام زاویوں سے غور کیا جائے گا۔یہ اطلاع ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے دی ہے۔

نانا پٹولے کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میںپارٹی لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلی سشیل کمار شندے، اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، ریاستی کارگزار صدر عارف نسیم خان، بسوراج پاٹل، چندرکانت ہنڈورے،ایم ایل اے پرنیتی شندے، ایم ایل اے کنال پاٹل، مہاوکاس اگھاڑی حکومت میں کانگریس پارٹی کے تمام سابق وزرا، قانون ساز کونسل کے گروپ لیڈر ستیج پاٹل اور ریاستی الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین کے علاوہ ریاست کے تمام پارلیمانی حلقوں کے سرکردہ لیڈران، ضلعی انچارج، سابق ممبران پارلیمنٹ، ایم ایل ایزاور 2019 کے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے امیدوارنیزایم وی اے ڈویڑن صدور بھی موجود رہیں گے۔

ناناپٹولے نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی کا ہدف متعصب اور فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دینا ہے اور پارٹی آئندہ لوک سبھا انتخابات پوری طاقت کے ساتھ لڑنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت گزشتہ 9 سالوں سے ملک کو تنزلی کی طرف لے جا رہی ہے۔ آزادی کے بعد کانگریس پارٹی کی حکومت نے ہندوستان کو دنیا کا سپر پاور بنا دیا لیکن نریندر مودی حکومت نے صرف 9 سالوں میں ملک کی

ساری شان و شوکت بیچ ڈالی۔بدقسمتی یہ ہے کہ ملک کوچلانے کے لیے ملک کو بیچا جارہا ہے ۔ ذات پات اور مذاہب میں زہر گھول کر بی جے پی سیاسی فائدہ حاصل کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہوئے ہماچل پردیش اور کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس جیت سے کانگریس کارکنوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اورنئی توانائی پیدا ہوئی ہے اور اسی بلند حوصلے وعزم کے ساتھ ہم ریاست میںبی جے پی کو شکست دیں گے۔