ناندیڑ:18 جون:(ورق تازہ نیوز) مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے ناندیڑ مقامی اتھارٹی حلقہ انتخاب 2026 کے لیے آج 18 جون کو ووٹنگ کا عمل پُرامن اور منظم ماحول میں مکمل ہوا۔ ضلع کے آٹھ پولنگ مراکز پر مجموعی طور پر 452 میں سے 451 ووٹروں نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں 99.78 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کنوٹ، حدگاؤں، ناندیڑ، قندھار، دھرم آباد، بلولی اور دیگلور کے سات پولنگ مراکز پر 100 فیصد ووٹنگ ہوئی، جبکہ بھوکر مرکز پر 97.92 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔
اس انتخاب میں تین امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا۔ ضلعی انتخابی انتظامیہ نے ووٹنگ کے لیے سخت انتظامات کیے تھے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کا خاطر خواہ بندوبست کیا گیا تھا جبکہ پورے عمل کی نگرانی ویب کیمروں کے ذریعے کی گئی۔
انتخابی مبصر ڈاکٹر مادھوی کھوڑے-چورے نے ناندیڑ، بلولی، حدگاؤں، بھوکر اور دھرم آباد کے پولنگ مراکز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسی طرح ریٹرننگ آفیسر اور ضلع کلکٹر راہول کردیلے نے بھی ناندیڑ پولنگ مرکز کا معائنہ کیا۔ووٹنگ کے دوران صبح 10 بجے تک 4.87 فیصد، دوپہر 12 بجے تک 56.86 فیصد اور دوپہر 2 بجے تک 88.94 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ ووٹنگ کے اختتام پر 452 میں سے 451 ووٹروں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ ان میں 228 مرد اور 224 خواتین ووٹر شامل تھے، جن میں سے تمام 228 مرد اور 223 خواتین ووٹروں نے ووٹ ڈالے۔
ضلع انتخابی دفتر کے مطابق تمام پولنگ مراکز سے بیلٹ بکس جمع کرکے ضلع کلکٹر آفس کے پلاننگ بھون میں قائم اسٹرونگ روم میں سخت سیکیورٹی کے درمیان محفوظ رکھا جائے گا۔ اسٹرونگ روم پر بھی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس انتخاب کی ووٹوں کی گنتی 22 جون 2026 بروز پیر صبح 8 بجے ضلع کلکٹر آفس، ناندیڑ کے پلاننگ بھون کے کیبنٹ ہال میں انجام دی جائے گی۔