MPCC Urdu News 25 April 25

ماہی گیر طبقے کے مسائل کے حل کے لیے کانگریس پرعزم: ہرش وردھن سپکال

نوی ممبئی ایئرپورٹ سے متاثرہ ماہی گیروں کو معاوضہ دلانے کے لیے کانگریس سرگرم کردار ادا کرے گی

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ ریاست میں ماہی گیروں کو حکومت کی سخت گیر پالیسیوں اور سرمایہ دارانہ مداخلت کے باعث کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے کانگریس پارٹی پوری سنجیدگی سے کام کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوی ممبئی ایئرپورٹ پروجیکٹ سے متاثرہ ماہی گیر خاندانوں کو ان کا واجب حق دلانے کے لیے کانگریس پارٹی مستقل طور پر پیروی کرے گی۔

یہ بات انہوں نے ممبئی میں کانگریس کے ریاستی دفتر، تلک بھون میں مہاراشٹر فشرمین کانگریس کے عہدیداروں کی ایک اہم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیر طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سب سے پہلے ان کی اپنی تنظیم کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ اجتماعی طاقت سے حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔ ہرش وردھن سپکال نے یقین دہانی کرائی کہ کانگریس پارٹی ہر قدم پر ماہی گیروں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج دریا، جھیلوں، ڈیمز اور سمندری حدود میں ماہی گیری کرنے والوں کو شدید معاشی اور انتظامی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس پر مستزاد، نوی ممبئی ایئرپورٹ کی تعمیر کے باعث سینکڑوں ماہی گیر خاندان بے دخل ہوئے ہیں جنہیں آج تک مناسب معاوضہ نہیں ملا۔ کانگریس پارٹی ان تمام مسائل کو حکومت کے سامنے رکھے گی اور موثر اقدامات کا مطالبہ کرے گی۔

سپکال نے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات ’’کرو یا مرو‘‘ جیسے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیاں ماہی گیروں کے لیے نقصان دہ ہیں اور کانگریس پارٹی ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی پوری قوت کے ساتھ میدان میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہی گیری کو زرعی درجہ دینے کا حکومت کا دعویٰ محض دکھاوا ہے اور اس اسکیم سے زمینی سطح پر ماہی گیروں کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔

اس موقع پر ماہی گیروں نے مطالبہ کیا کہ ماہی گیری کے لیے استعمال ہونے والے ڈیزل پر سبسڈی دی جائے، سرمایہ داروں اور ٹھیکیداروں کی اجارہ داری کو ختم کیا جائے، حکومت کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ جی آر کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے، اور نوی ممبئی ایئرپورٹ سے متاثرہ ماہی گیروں کو پروجیکٹ متاثرین کا سرکاری درجہ دیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سابقہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولتیں جو موجودہ حکومت نے بند کر دی ہیں، انہیں بھی بحال کیا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ماہی گیر برادری کو ان کا حق دلانے کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس اہم میٹنگ میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے نائب صدر برائے تنظیم و انتظامات ایڈووکیٹ گنیش پاٹل، فشرمین کانگریس کے صدر مارثنڈ ناکھوا، آل انڈیا فشرمین کانگریس کے نائب صدر رام داس سندھے، علاقائی صدر پرکاش نگرے، کوکن علاقہ کے صدر اُلہاس واٹکرے، ریاستی کوآرڈینیٹر ملٹن اور دیگر فشرمین کانگریس کے اراکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading