MPCC Urdu News 24 Sep 24

سی پی آئی (ایم) لیڈر سیتارام یچوری پارلیمنٹ میں محروموں و بے سہاروں کی آواز تھے: نانا پٹولے

مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے سی پی آئی (ایم) لیڈر سیتارام یچوری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

ممبئی: مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے ملک کے آئین اور جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے ملک میں ہم خیال پارٹیوں کو ایک ساتھ لانے میں نہایت اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 2004 میں یو پی اے حکومت بنانے میں بھی پہل کی تھی اور 2024 میں انڈیا الائنس بنانے میں بھی ان کا بڑا حصہ تھا۔ وہ ایک نہایت تعلیم یافتہ رہنما ہونے کے ساتھ ہی عام لوگوں کے لیے جدوجہد کرنے والے بھی تھے۔ وہ پارلیمنٹ میں محروموں و بے سہاروں کی ایک توانا آواز تھے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہیں۔

مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے یشونت راؤ چوان سینٹر میں سی پی آئی (ایم) لیڈر سیتارام یچوری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں این سی پی-ایس پی کے صدر شرد پوار، شیتکری کامگار پارٹی کے لیڈر جینت پاٹل، سابق ایم پی کمار کیتکر، حسین دلوائی، مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی، سی پی آئی پولیٹ بیورو کے ارکان اشوک ڈھولے، سبھاش لانڈے، شام گوہل، کشور دھاملے، پرکاش ریڈی، پروفیسر سریش نوالے کے ساتھ سینکڑوں کارکن موجود تھے۔

اس موقع پرکانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے مزید کہا کہ کالج کے زمانے میں سیتارام یچوری ہمارے رول ماڈل تھے۔ طلبہ تحریک میں کام کرتے ہوئے وہ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے عہدے تک مختلف عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے یو پی اے حکومت کے دوران تمام پارٹیوں کے اتحاد میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مودی حکومت کی پالیسیوں کی بھی شدید مخالفت کی۔ سیتارام یچوری کی موت نہ صرف مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی بلکہ ملک کا بھی ایک بڑا نقصان ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے این سی پی- ایس پی کے صدر ایم پی شرد پوار نے کہا کہ سیتارام یچوری کو بہت ذہین شخص ہونے کی شہرت حاصل تھی اور انہوں نے طلبہ کی تحریک میں بہت تعاون کیا۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں انہوں نے قیادت کا ایک کیڈر بنایا۔ بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی قیادت شاندار تھی۔ ڈاکٹر سیتارام یچوری نے منموہن سنگھ کی قیادت میں یو پی اے حکومت کے دوران اتحاد کو متحد رکھنے کی کوشش کی۔ سیتارام یچوری ایک مہذب اور سائشتہ شخص تھے۔ ترقی پسند سوچ کو فروغ دینا سیتارام یچوری کو حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading