کانگریس کارکنان سیلاب زدگان کی بھرپورمدد کریں: ناناپٹولے
ممبئی: شدید بارش اور لینڈسلائڈنگ سے ریاست کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ کئی لوگوں کی زندگیاں ختم ہوگئیں تو جبکہ ہزاروں لوگ سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوگئے ہیں۔ ریاستی حکومت متاثرین کی مدد تو کرہی رہی ہے، کانگریس کارکنان بھی اپنے طور پرمتاثرین ہرممکن مدد کریں۔ یہ اپیل آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرناناپٹولے نے کی ہے۔
پٹولے نے کہا ہے کہ ریاست میں گزشتہ تین چاردنوں سے ہونے والی بھاری بارش اور لینڈسلائڈنگ کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں جان ومال کا بہت نقصان ہوا ہے۔ سیلاب کی تباہ خیزی نے بہتوں کی دنیا ہی اجاڑدی ہے اور وہ بے آسرا ہوچکے ہیں۔ ریاست پر آنے والایہ قدرتی آفت نہایت سنگین ہے۔ سیلاب کی وجہ سے کھیتی، فصلوں، ضروریات زندگی کی اشیاء اور مکانات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں وراحت رسانی کی اشد ضرورت ہے۔ اناج، ادویات، کپڑے اورلوگوں کے رہنے کا انتظام فوری طور پرکرنا ناگزیر ہے۔ جولوگ سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں، انہیں تلاش کرکے محفوظ مقام پر پہنچانے میں کانگریس کارکنان بھرپور تعاون کریں۔ کانگریس کے مقامی ممبرانِ اسمبلی وزراء بھی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرکے حکومت کے ذریعے امدادی وراحت رسانی کا کام کررہے ہیں۔ میں نے خودستارا ضلع میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ہے۔لوگوں کو مدد کی اشد ضرروت ہے اس لئے مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔
پٹولے نے کہا کہ کورونا کے دروان بھی کانگریس کے کارکنان لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئے تھے۔ مصیبت کے دور میں لوگوں کی مدد کے لئے آگے آنا کانگریس کی روایت ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ دوسالوں سے ریاست مختلف آفات سے دوچار ہے۔ اب پھر قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس آفت پر بھی ہم جلد ہی قابو پالیں گے۔ بس ضرورت ہے کہ ہرکوئی اپنی سکت بھر متاثرین کی مدد کریں۔