شدیدبارش سے متاثرین کی مدد کے لیے کانگریس ریاستی حکومت کو رپورٹ دے گی:

کانگریس کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کریں گی

ممبئی:ریاست میں گزشتہ چند دنوں سے ہورہی موسلادھار بارش کی وجہ سے ریاست کے عوام پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ کچھ اضلاع میں بارش کی وجہ سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے جبکہ کئی اضلاع میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ چونکہ فی الوقت ریاست میں صرف دو لوگوں کی حکومت ہے اورنائب وزیراعلیٰ بغیر قلمدان کے وزیر ہیں، اس لیے کانگریس پارٹی کی ٹیمیں شدیدبارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیں گی اور متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے ریاستی حکومت کو رپورٹ دی جائے گی۔یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے دی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایسے حالات میں جب ریاست کے لوگوں کو مدد کی شدید ضرورت ہے،حکومت محض دورکنی کابینہ پر منحصر ہوکر رہ گئی ہے اور انتظامیہ کا کام کاج ٹھپ ہے۔ کسانوں سے ربیع کے دھان اور چنے کی خریداری نہیں کی جا رہی ہے جبکہ جو فصل بیچی گئی ہے اس کے پیسے کسانوں کو نہیں مل رہے ہیں۔ کسان شدید پریشانی میں ہیں، لیکن ان کی پریشانیوں پر توجہ دینے والا کوئی نہیں ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ریاست کی اس پریشان کن صورتحال کے پیش نظر کانگریس لیڈران کی ایک ٹیم شدید بارش سے متاثرہ علاقوں کے مختلف اضلاع کا دورہ کرے گی اس کے بعدپورے ثبوت کے ساتھ متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے ریاستی حکومت کو رپورٹ کرے گی، اگر یہ مدد نہیں ملی تو کانگریس کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا۔

نانا پٹولے نے مزید کہا کہ کانگریس کے وفد نے حال ہی میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی تھی اور متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو فوری مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ہم نے شدید بارشوں سے مرنے والوں کے لواحقین کو 10-10 لاکھ روپے، بارشوں سے متاثرہ کسانوں کو 50 ہزار روپے فی ہیکٹر اور باغبانی کے کسانوں کو ایک لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شدید بارشوں سے ہونے والے نقصان کے بعد اب تک پنچنامے کا کام مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کانگریس کی ٹیم لوگوں کو زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کی پہل کرے گی۔نانا پٹولے نے کہا کہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کے رہنما ریاست کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور نقصان کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ اس کے تحت کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر اور سابق وزیرمحصول بالاصاحب تھورات احمد نگر اور ناسک اضلاع کا دورہ کریں گے۔ سابق وزیر اعلی اشوک چوہان پربھنی اور ناندیڑ، پرتھوی راج چوہان ستارا، کے سی پڈوی جلگاؤں اور نندوربار، امیت دیشمکھ اورنگ آباد اور لاتور، سنیل کیدار ناگپور اور وردھا، ڈاکٹر نتن راؤت گوندیا اور بھنڈارا، وجے وڈیٹی وار گڈچرولی اور سندھو درگ، یشومتی ٹھاکر، امراؤتی اور اکولا، اسلم شیخ پالگھر، ورشا گائیکواڈ رائیگڑھ، سابق ریاستی وزیر ستیج پاٹل کولہاپور، ڈاکٹر وشواجیت کدم سانگلی، ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان تھانے، بسوراج پاٹل بیڑ اور عثمان آباد، کنال پاٹل دھولیہ اور پرنتی شندے شولاپور ضلع کا دورہ کریں گے۔ ریاستی صدر نے کہا کہ اس ٹیم میں سابق وزراء، ریاستی کارگزارصدور، ایم ایل اے وممبرپارلیمنٹ کے ساتھ کانگریس کے دیگر عہدیداران بھی شامل ہونگے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading