میونسپل کونسل و نگر پنچایت انتخابات میں کانگریس کے 41 پنچایت صدرِ اور 1006 کونسلر کامیاب: ہرش وردھن سپکال

ممبئی: ریاست کی 288 میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے انتخابات میں نہایت نامساعد حالات کے باوجود کانگریس پارٹی نے اپنی نظریاتی طاقت کے سہارے جدوجہد کی اور جمہوری اقدار پر ثابت قدم رہتے ہوئے حکمراں پارٹیوں کی دولت کی طاقت کا مقابلہ کیا۔ کسی بڑی مالی مدد کے بغیر، محض عوامی اعتماد اور نظریے پر یقین کے ساتھ لڑی گئی اس جدوجہد کے نتیجے میں ریاست بھر میں کانگریس کے 41 صدرِ بلدیہ اور 1006 کونسلر منتخب ہوئے۔ ان نتائج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پیسے سے زیادہ عوام کا بھروسہ اہم ہوتا ہے اور اقتدار سے بڑھ کر نظریہ اہمیت رکھتا ہے، یہ بات مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہی۔

نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ انتخابات میں جیت اور ہار کا سلسلہ چلتا رہتا ہے اور کانگریس پارٹی نے اپنی تاریخ میں کئی کڑے دور دیکھے ہیں۔ شکست سے مایوس ہونے کے بجائے نئے حوصلے اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی طاقت کانگریس کے کارکنوں میں موجود ہے اور یہی اعتماد پارٹی تنظیم کے لیے سب سے بڑی قوت ہے۔ اس کا عملی مظاہرہ ان انتخابات میں دیکھنے کو ملا۔ اعداد و شمار کے مطابق ناگپور ڈویژن میں کانگریس کے 14 صدرِ بلدیہ اور 340 کونسلر، امراوتی ڈویژن میں 9 صدرِ بلدیہ اور 236 کونسلر، مراٹھواڑہ میں 5 صدرِ بلدیہ اور 156 کونسلر، مغربی مہاراشٹر میں 3 صدرِ بلدیہ اور 47 کونسلر، شمالی مہاراشٹر میں 2 صدرِ بلدیہ اور 47 کونسلر، جبکہ کوکن ڈویژن میں 1 صدرِ بلدیہ اور 26 کونسلر منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ کانگریس کے حامی مقامی اتحادوں کے 7 صدرِ بلدیہ اور 154 کونسلر بھی کامیاب ہوئے ہیں۔

ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ یہ کہنے والوں کہ کانگریس ختم ہو چکی ہے، ان نتائج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ کانگریس کی نظریاتی بنیاد ہی ملک کو بچانے والی ہے۔ ذات اور مذہب کے نام پر سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا کر سیاست کرنے والوں اور یہ سمجھنے والوں کہ محض پیسے کے زور پر ہر انتخاب جیتا جا سکتا ہے، عوام نے ان کا یہ وہم توڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ بی جے پی اور ایکناتھ شندے کی پارٹی نے پیسے کے بے تحاشا استعمال اور انتظامیہ و الیکشن کمیشن کی مدد سے کامیابی حاصل کی ہو، لیکن عوام کے دلوں میں آج بھی کانگریس موجود ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ یہ ایک نظریاتی جنگ ہے اور کانگریس اپنی فکر سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹی ہے۔

اس جدوجہد میں ساتھ دینے والے ہر امیدوار، ہر کارکن کو دل سے مبارکباد اور کانگریس پر اعتماد ظاہر کرنے والی مہاراشٹر کی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی آنے والے میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشد انتخابات کے لیے کارکنوں میں نئی توانائی بھرنے والی ہے اور بدعنوان بی جے پی مہایوتی سے مہاراشٹر کو بچانے کی کانگریس کی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading