کانگریس پارٹی ہمیشہ شمالی ہندوستانیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی: ورشا گائیکواڑ
ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی پس منظر میں ممبئی کانگریس کے شمالی ہند سیل نے سات نکاتی انتخابی منشور جاری کیا ہے، جس میں شمالی ہندوستانی برادری کے وقار کے تحفظ، خود روزگار کے فروغ اور سماجی و شہری سہولیات سے متعلق اہم وعدے شامل ہیں۔ یہ منشور شاردا گیان پیٹھ انٹرنیشنل اسکول، دت مندر روڈ، مالاڈ (مشرقی) میں منعقدہ ایک تقریب میں جاری کیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری اور اتر پردیش کے انچارج اویناش پانڈے نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں رہیں اور بی جے پی حکومت کے دور میں دہشت گردانہ واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں ہر طبقے کا کردار ہے، مگر بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا ہے۔
اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے رائے نے کہا کہ شمالی ہند کے لوگوں متحد ہو کر بی جے پی اتحاد کو شکست دینے کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس حکومتوں کے دور میں شمالی ہندوستانی طبقے کو ہمیشہ نمائندگی دی گئی ہے۔ کانگریس نے انہیں رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ، وزیر، کارپوریٹر اور میئر جیسے عہدوں پر فائز ہونے کے مواقع فراہم کیے، جبکہ بی جے پی حکومت نے ایسا کوئی موقع نہیں دیا۔ بی جے پی ووٹ تو لیتی ہے، مگر شمالی ہندوستانیوں کے مسائل حل نہیں کرتی۔
سابق وزیر اسلم شیخ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ شمالی ہندوستانی سماج کا احترام کیا ہے۔ شمالی ہند سیل کے صدر ایڈووکیٹ اوینیش تیرتھ راج سنگھ نے کہا کہ کانگریس وہ پہلی سیاسی پارٹی ہے جس نے شمالی ہندوستانیوں کے بنیادی مسائل کو باقاعدہ طور پر اپنے انتخابی منشور میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ‘شمالی ہندوستانیوں سے مکالمہ – مسائل پر گفتگو’ مہم کو برادری کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے، جس میں لوگوں نے نہ صرف اپنے مسائل رکھے بلکہ کانگریس کے ساتھ مضبوط تعلق استوار کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
شمالی ہند سیل کے منشور میں اسٹریٹ وینڈرز پالیسی اور اسمارٹ وینڈنگ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ٹاؤن وینڈنگ کمیٹی کے انتخابات شفاف طریقے سے کرائے جائیں گے اور ہر اہل دکاندار کو ڈیجیٹل لائسنس فراہم کیا جائے گا۔ شمالی ہندوستانی برادری کو سیاسی اور سماجی تحفظ دیا جائے گا۔ آٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے آرام گاہوں کے قیام کی خاطر سی این جی اسٹیشنوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، جبکہ مفت طبی جانچ کے لیے خصوصی ورکشاپ کارنر قائم کیے جائیں گے۔
دیوالی اور چھٹھ پوجا کے موقع پر بی ایم سی ریلوے کے اشتراک سے اسٹیشنوں کے باہر بڑے ویٹنگ ہال قائم کرے گی، جہاں 10 سے 50 روپے میں سونے اور کھانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ چھٹھ پوجا کے لیے ساحلوں پر مستقل وسرجن تالاب اور گھاٹ تعمیر کیے جائیں گے، خواتین کے لیے محفوظ کپڑے بدلنے کے کمرے، مناسب روشنی اور مستقل لائف گارڈز تعینات کیے جائیں گے۔ شمالی ہندوستانیوں کے لیے ایک شاندار مسافر بھون تعمیر کیا جائے گا، جو ثقافتی تقاریب اور شادی بیاہ کے لیے کم نرخوں پر دستیاب ہوگا۔ اسی طرح لائسنسنگ کے عمل کو شفاف بنایا جائے گا اور پانی کے بل کو تجارتی کے بجائے سبسڈی والے زمرے میں شامل کیا جائے گا۔
MRCC Urdu News 22 Dec. 25.docx
