MPCC Urdu News 20 May 23

15

کرناٹک کی طرح مہاراشٹر میں بھی بی جے پی کو شکست دے کر کانگریس حکومت میں آئے گی: ناناپٹولے

کرناٹک میں نئے دور کا آغاز، ملک بھر کے اپوزیشن لیڈروں سمیت لاکھوں لوگوں کی موجودگی میں عظیم الشان تقریب حلف برداری

ممبئی: کرناٹک میں آج سے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔ کانگریس کی قائم ہونے والی نئی حکومت عوام کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرے گی۔ بی جے پی کی بدعنوان، متعصب اور فرقہ پرست حکومت سے تنگ آکر لوگوں نے کانگریس کوبھرپور کامیاب کیا۔آنے والے اسمبلی انتخابات میں کرناٹک کی ہی مانند مہاراشٹر کی عوام بھی تبدیلی لائیں گے اورریاست میں کانگریس کی حکومت آئے گی۔ اس یقین کا اظہار مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے۔

بنگلورو کے سری کانتیروا اسٹیڈیم میں لاکھوں لوگوں کی موجودگی میں سدارامیا نے وزیر اعلیٰ نیز ڈی کے شیوکمار نے نائب وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے دیگر ۸وزراء نے حلف لیا۔اس حلف برداری کی تقریب میں ملک بھر سے اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران سمیت مہاراشٹر سے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان، تلنگانہ کے انچارج اورمہاراشٹرکانگریس کے سابق صدر مانیک راؤ ٹھاکرے، مہاراشٹر کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان، سابق وزیر نتن راؤت، سنیل کیدار، ریاستی کارگزار صدر محترمہ پرینتی شندے، ممبئی کانگریس کے سابق صدر سنجے نروپم اور ریاستی چیف ترجمان اتل لونڈھے شریک تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت نے کرناٹک میں ڈبل کرپشن کیا اور عوام کا پیسہ لوٹا۔ عام لوگوں کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف مذہب کی بنیاد پر ووٹ مانگا لیکن کرناٹک کے سمجھدار لوگ بی جے پی کے دھوکے میں نہیں آئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، امت شاہ، بی جے پی صدر جے پی نڈا سمیت بی جے پی کے وزیر اعلیٰ، مرکز کے درجن بھر وزیروں نے کرناٹک میں انتخابی مہم میں اپنی پوری توانائی جھونک دی لیکن کرناٹک کے لوگوں پر اس کا کوئی فرق نہیں پڑا۔ مہاراشٹر میں بھی چال بازی کے ساتھ قائم ہونے والی ڈبل انجن کی حکومت عوام کے دلوں سے اتر چکی ہے۔ آئندہ انتخابات میں مہاراشٹر کی عوام بھی کرناٹک کی مانند بی جے پی کی قیادت والی شندے حکومت کو شکست دیں گے۔

ناناپٹولے نے کہا کہ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے عوام سے جو پانچ اہم وعدے کیے ہیں ان پر عمل درآمد پہلی کابینہ سے ہی شروع ہو جائے گا۔ یہ کانگریس حکومت ہے جو عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرتی ہے اور مہاراشٹرا میں بھی جب مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت تھی، سب سے پہلے کسانوں کے قرض معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ریاست کی موجودہ شندے حکومت کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں، خواتین اور چھوٹے تاجروں کو تباہ کر رہی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ریاست کی عوام آئندہ انتخاب میں اس حکومت کوکرناٹک کی ہی مانند شکست دیتے ہوئے کانگریس کو کامیاب کرے گی۔