مہاوکاس اگھاڑی مل کر اسمبلی انتخابات لڑے گی اور بدعنوان مہایوتی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرے گی: کے سی وینوگوپال
پارٹی بے ضابطگی برداشت نہیں کرے گی، کراس ووٹنگ کرنے والے ارکان اسملبی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے
کانگریس پارٹی مہاراشٹر کے وقار کو برقرار رکھے گی اور ریاست کو گجرات کا غلام نہیں بننے دے گی: نانا پٹولے
اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے گروارے کلب میں کانگریس کے لیڈران کی میٹنگ
ممبئی: مہاراشٹر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے مہاوکاس اگھاڑی میں شامل پارٹیوں کے ساتھ مل کر مہایوتی سے سخت مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی متحدہ طور پر اسمبلی انتخابات لڑے گی اور ریاست میں بدعنوان مہایوتی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرے گی۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری نے یہ بات جمعہ (19جولائی) کو گروارے کلب میں مہاراشٹر کانگریس کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں کانگریس پارٹی کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات اور اس کے بعد ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو زبردست نقصان اٹھانا پڑا ہے، اب مہاراشٹر میں بھی لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی ایک ساتھ اسمبلی انتخابات لڑے گی اور تینوں پارٹیاں مل کر سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کریں گی۔
گروارے کلب میں ہوئی کانگریس پارٹی کی اس میٹنگ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن پارلیمنٹ و پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار، سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے، پرتھوی راج چوہان، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مکل واسنک، اویناش پانڈے، گوا انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڈ، قانون ساز کونسل میں گروپ لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل، ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر عارف نسیم خان، شیواجی راؤ موگھے، چندرکانت ہنڈورے، رکن پارلیمنٹ پرنیتی شندے، ایم ایل اے کنال پاٹل، ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے، جنرل سکریٹری پرمود مورے اور ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا عزم ریاست کی بدعنوان مہایوتی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔ بی جے پی نے لوک سبھا اور اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں سرکاری مشینری کا غلط استعمال کیا، اس کے باوجود وہ ہار گئی۔ ایودھیا کے بعد بدری ناتھ میں بھی لوگوں نے بی جے پی کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایسی تصویر ہے کہ مہاراشٹر کی خوددار عوام یاست کی بدعنوان اور غیر آئینی حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینک کر اقتدار میں تبدیلی لانا چاہتی ہے۔
میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ پارٹی نے قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کراس ووٹنگ کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی ہے، اس کے بارے میں آپ کو کچھ دنوں میں معلومات مل جائیں گی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پارٹی میں بے ضابطگی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔
میٹنگ سے متعلق معلومات دیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ اس میٹنگ میں اسمبلی کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانگریس پارٹی آئین، جمہوریت اور ریاست کے وقار کے لیے لڑے گی۔ ہم مہاراشٹر کو گجرات کا غلام نہیں بننے دیں گے۔ مہاراشٹر اور ممبئی کے اثاثے گجرات کو فروخت نہیں کیے جائیں گے۔ پٹولے نے بتایا کہ 20 اگست کو سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو جی گاندھی کی یوم پیدائش بڑے پیمانے پر منائی جائے گی۔ اس پروگرام میں کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت کئی قومی لیڈر موجود ہوں گے۔ اسی پروگرام سے ہم ریاست میں اسمبلی کا انتخابی مہم کا بگل بجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا عزم مہاراشٹر کو مہا یوتی کی بدعنوان حکومت سے آزادی دلانا ہے۔