ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر پر کرائے جائیں
نانا پٹولے کا ریاستی الیکشن کمیشن اور وزیر اعلیٰ دیوندر فڑنویس کو مکتوب
ممبئی: کانگریس کے سابق ریاستی صدر اور رکنِ اسمبلی نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں حال ہی میں منعقد ہونے والے 29 میونسپل کارپوریشن انتخابات نے انتخابی نظام کی حقیقی صورتِ حال کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔ شہری علاقوں میں ووٹنگ کا انتہائی کم تناسب محض ووٹروں کی لاپروائی نہیں بلکہ انتخابی عمل پر عوام کے گرتے ہوئے اعتماد کا واضح اشارہ ہے۔
ریاستی الیکشن کمشنر اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو ارسال کردہ خط میں نانا پٹولے نے کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں نے عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے اور تنازعات سے بچنے کے لیے مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے میں مہاراشٹر میں ای وی ایم پر اس قدر اصرار کیوں کیا جا رہا ہے اور آخر یہ اصرار کس کے فائدے کے لیے ہے؟ یہ وہ سوالات ہیں جو آج عام ووٹر پوچھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات بیلٹ پیپر پر کرانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
نانا پٹولے نے اپنے خط میں انتخابی انتظامات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی، پولنگ اسٹیشن تلاش کرنے کے لیے ووٹروں کا گھنٹوں بھٹکنا اور ہزاروں افراد کا ووٹ ڈالے بغیر واپس لوٹ جانا یہ سب الیکشن کمیشن کی ناکامی کی سنگین علامتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال جمہوریت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ مزید یہ کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں وی وی پیٹ نظام کا استعمال نہیں کیا گیا، جس کے باعث ووٹروں کو اپنے ووٹ کی تصدیق کے حق سے محروم رکھا گیا۔ اس کے ساتھ ہی انگلی پر لگائی جانے والی سیاہی کا ہاتھ دھونے کے بعد مٹ جانا بھی سامنے آیا، جس نے انتخابی عمل کی شفافیت اور ساکھ پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
نانا پٹولے نے واضح کیا کہ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات جمہوریت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ اگر ان انتخابات کے حوالے سے بداعتمادی، شکوک و شبہات اور بدانتظامی کا ماحول برقرار رہا تو اس کے دور رس منفی اثرات جمہوری نظام پر پڑیں گے۔ اسی لیے انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے یہ انتخابات ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں تاکہ انتخابی عمل شفاف، قابلِ اعتبار اور متنازع سے پاک ہو سکے۔
MPCC Urdu News 17 January 26.docx