ای وی ایم حکومت جمہوریت کو قتل کر رہی ہے، اسے عوامی جذبات کی کوئی پرواہ نہیں: نانا پٹولے
مہا وکاس اگھاڑی نے دوسرے دن بھی ای وی ایم، بیڑ اور پربھنی کے معاملات پر جارحانہ موقف اختار کیا
ناگپور: ای وی ایم کے ذریعے منتخب ہونے والی بی جے پی اتحاد کی حکومت جمہوری نظام کے خاتمے پر تلی ہوئی ہے۔ پربھنی میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کے نام پر دلت بھائیوں پر مظالم کی انتہا کر دی، جس کے نتیجے میں دلت نوجوان سومناتھ سوریہ ونشی کی موت پولیس کی بربریت کا نتیجہ ثابت ہوئی۔ اسی طرح بیڑ ضلع کے سرپنچ سنتوش دیش مکھ کو بدمعاشوں نے بے رحمی سے قتل کر دیا۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے ان دونوں معاملات پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی مخلوط حکومت کو عوام کے جذبات اور مسائل کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
منگل کے روز جاری سرمائی اجلاس کے دوسرے دن مہا وکاس اگھاڑی کے اراکین اسمبلی نے ای وی ایم پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ بیڑ اور پربھنی کے سنگین معاملات کو لے کر ودھان بھون کے سامنے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اپوزیشن اراکین نے مطالبہ کیا کہ بیڑ ضلع کے سرپنچ سنتوش دیش مکھ کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ احتجاج کے دوران اگھاڑی کے اراکین اسمبلی نے مہا یوتی حکومت کے خلاف ‘قاتلوں کو بچانے والی حکومت، شرم کرو’ جیسے نعرے بھی لگائے۔
اسمبلی کارروائی شروع ہوتے ہی نانا پٹولے نے پربھنی میں پولیس کے ظلم و ستم اور دلت نوجوان سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کا معاملہ ایوان میں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر امبیڈکر کی نظریات کے حامل نوجوان سومناتھ سوریہ ونشی کی موت پولیس کی حراست میں پولیس کے تشدد کی وجہ سے ہوئی ہے۔ نانا پٹولے نے سوال اٹھایا کہ کیا پربھنی میں پولیس کا کومبنگ آپریشن حکومت کی جانب سے اسپانسر کیا گیا تھا؟ انہوں نے اس سنگین معاملے پر ایوان میں بحث کے لیے التواء کی تحریک پیش کی۔ اسپیکر راہل نارویکر نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر بدھ کے روز بحث کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں استعمال ہونے والی ای وی ایم مشینوں کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں استعمال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مہاراشٹر کے انتخابات کے لیے خصوصی طور پر گجرات سے ای وی ایم منگوائی گئی تھیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے مزید کہا کہ ای وی ایم کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور اس مشین کو بنانے والی کمپنی کے ڈائریکٹر بورڈ میں بی جے پی کے لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے لیکن وہ اپنے اختیارات کا استعمال نہیں کر پا رہا ہے، کیونکہ وہ بی جے پی کے دباؤ میں کام کر رہا ہے۔ نانا پٹولے نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کی ذہنیت کے تحت جمہوری نظام کو ختم کرنے کے لیے ‘ون نیشن، نو الیکشن’ بل لایا جا رہا ہے۔ یہ بل جمہوریت کو مٹانے کی کوشش ہے اور عوام کو اس کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔