گھوڑبندر کے رہائشی پانی کی قلت سے پریشان- رکن اسمبلی سنجے کیلکر
ٹینکروں کا بوجھ، فوری طور پر 25 ایم ایل ڈی پانی فراہم کرنے کا ایوان میں مطالبہ

تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے کے رکن اسمبلی سنجے کیلکر نے گھوڑبندر علاقے میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر 25 ایم ایل ڈی اضافی پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ناگپور سرمائی اجلاس کے دوران تھانے کے پانی بحران کا سنگین مسئلہ ایوان میں گونج اٹھا۔
انہوں نے کہا کہ گھوڑبندر کے رہائشیوں کو ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کرنے کے لیے ہر ماہ لاکھوں روپے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔ گھروں کے لیے بھاری قرضہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو پراپرٹی ٹیکس اور پانی کے بل بھی دینا پڑتا ہے، اس کے باوجود پانی کی قلت ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
رکن اسمبلی نے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گھوڑبندر علاقے میں بڑھتی ہوئی آبادی اور کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے باعث پانی کی طلب میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں پانی کی فراہمی نہ ہونے کے سبب موجودہ رہائشیوں کے ساتھ ساتھ نئے مکین بھی مشکلات کا شکار ہوں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پہلے سے ناکافی پانی کے ہوتے ہوئے نئی بستیوں کو پانی کہاں سے فراہم کیا جائے گا؟
سنجے کیلکر نے بتایا کہ تھانے شہر کے لیے 50 ایم ایل ڈی اضافی پانی کی منظوری مل چکی ہے، تاہم فوری طور پر 25 ایم ایل ڈی پانی فراہم کیا جائے تو گھوڈبندر علاقے کو ٹینکروں کے جال سے نجات مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تھانے میونسپل کارپوریشن اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کو خط لکھا گیا ہے اور مسلسل پیروی بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد اضافی پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو اس بحران سے نجات مل سکے۔