MPCC Urdu News 15 Sep 25

سپریم کورٹ کے ذریعے وقف قانون پر عبوری حکم کا خیرمقدم: نسیم خان

سچائی کے سامنے کوئی طاقت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی

ممبئی: کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور مہاراشٹر کے سابق وزیر نسیم خان نے سپریم کورٹ کے ذریعے وقف قانو پرعبوری حکم پرجوش خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ عدالت کا یہ فیصلہ ایک بار پھر مودی حکومت کو آئینہ دکھاتا ہے۔ بی جے پی حکومت کو یہ غلط فہمی ہے کہ پارلیمنٹ میں بھاری اکثریت حاصل کر لینے کے بعد اسے آئین کو روندنے کا حق مل گیا ہے، لیکن عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ جمہوریت میں سب سے بڑی طاقت آئین ہے نہ کہ کسی سیاسی جماعت کی اکثریت۔ سپریم کورٹ کا یہ حکم مودی حکومت کے تکبر پر ایک زوردار طمانچہ ہے اور ایک ایسی یاد دہانی ہے کہ آئین کی آواز کو کوئی بھی کچل نہیں سکتا۔

میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں نسیم خان نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں میں بی جے پی حکومت نے بارہا ایسے قوانین بنائے ہیں جن کا مقصد سماج کے کمزور طبقات کو نشانہ بنانا اور آئینی اقدار کو کمزور کرنا ہے۔ وقف ترمیمی قانون بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے ذریعے حکومت نے اقلیتوں کی مذہبی اور سماجی آزادی پر قدغن لگانے کی کوشش کی تھی۔ تاہم سپریم کورٹ کے اس عبوری حکم سے ثابت ہو گیا ہے کہ عدالت آج بھی آئینی حقوق کی محافظ ہے اور کسی بھی حکومت کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی طاقت کے زعم میں آئین کے ڈھانچے کو بگاڑ دے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئینی اداروں پر بھروسہ رکھیں اور اس بات پر یقین رکھیں کہ سچائی کے سامنے کوئی طاقت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان تمام شہریوں کے لیے امید کی کرن ہے جو گزشتہ کئی ماہ سے اس قانون کے نفاذ کے سبب اضطراب میں مبتلا تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس مرکز کی بی جے پی حکومت نے اپنی عددی اکثریت کے بل پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں سے وقف ترمیمی بل منظور کرایا تھا۔ اس قانون کے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں سے متعدد عرضداشتیں دائر کی گئیں جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ترمیمی قانون نہ صرف آئین ہند کی روح کے خلاف ہے بلکہ اقلیتوں کے آئینی حقوق پر بھی براہِ راست حملہ کرتا ہے۔آج ملک کی سب سے بڑی عدالت نے ایک اہم عبوری حکم جاری کرتے ہوئے اس متنازعہ ترمیمی قانون کی کئی دفعات پر عمل درآمد کو روک دیا۔ اس فیصلے نے نہ صرف حکومت کے موقف کو کمزور کیا بلکہ ان لاکھوں لوگوں کو بھی عارضی ریلیف فراہم کیا جو اس قانون کی وجہ سے فکرمند تھے۔ عدالت کے اس قدم کو سیاسی، سماجی اور قانونی حلقوں میں آئین کی بالادستی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Nasim Khan News on Waqf. 15 Sep. 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading