بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی شروعات مہاراشٹر سے ہوگی

10
  1. کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کی متحدہ طاقت کی بنیاد پر ایم وی اے دوبارہ اقتدار میں آئے گی: تھورات
  2. بلدیاتی انتخابات میں بھی ایم وی اے کے طور پر لڑیں گے اور جمہوریت وآئین کو بچائیں گے: اشوک چوہان

  3. ریاست میں ایم وی اے کے تمام اجلاس کوزبردست کامیابی سے ہمکنار کرنے کی لیڈران کی اپیل

ممبئی:مرکز میں برسراقتدار بی جے پی طاقت کے زور پر آئین اور جمہوریتکو تباہ کررہی ہے۔ آج ملک بڑی امیدوں کے ساتھ مہاراشٹر کی طرف دیکھ رہا ہے اور پورے ملک کے لوگوں کا مہاراشٹر کے لوگوں پر بھروسہ ہے۔ مہاراشٹر نے ملک کو شاہو، پھلے، امبیڈکر کے ترقی پسند نظریات دیئے ہیں۔ اب پھر وہی کام مہاراشٹر سے شروع ہوگااور بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی شروعات مہاراشٹر سے ہوگی۔ اس یقین کا اظہار مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے۔ وہ یہاں یشونت راؤ چوہان پرتسٹھان میں ایم وی اے کی مشترکہ جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

اس جلسے میں شیو سینا پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزرائے اعلیٰ اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، اپوزیشن لیڈر اجیت پوار، این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، قانون ساز پارٹی کے لیڈر امباداس دانوے، سابق وزیر چھگن بھجبل، شیتکری کامگار پکش کے لیڈر جینت پاٹل، ایکناتھ کھڑسے، انیل دیشمکھ، سنیل کیدار،، وجے وڈیٹی وار، ستیج پاٹل، آدتیہ ٹھاکرے، ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے، جنرل سکریٹری پرمود مورے، ممبران پارلیمنٹ، ممبران اسمبلی، ضلعی صدور وتینوں پارٹیوں کے عہدیدران موجود تھے۔

اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نانا پٹولے نے مزید کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی اقتدار میں آنے کے لیے نہیں بلکہ ملک میں جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ایم وی اے نے ریاست میں کئی عوامی اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ یہ تمام اجلاس زبردست کامیابی سے ہمکنار ہونے چاہئیں۔ انہوں نے لیڈان سے اپیل کی ہے کہ وہ تعلقہ اور ضلعی سطح پر ہونے والے ان جلسوں کو کامیاب بنائیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات نے کہا کہ ایم وی اے کی حکومت اس وقت گرائی گئی جب وہ بہترین کام کر رہی تھی۔ لیکن آج ریاست کے حالات ایم وی اے کے حق میں ہیں۔ ایم وی اے نے قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ حال ہی میں قصبہ ضمنی انتخاب میں بھی بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ تھورات نے کہا کہ جب میں نے ریاست کا دورہ کیا تو دیکھا کہ دیہی علاقوں میں بی جے پی کہیں بھی نہیں ہے۔ دیہی علاقے بی جے پی کے ایجنڈے میں نہیں ہیں اور اب وہ کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن صورتحال یہ ہے کہ اگر ایم وی اے مل کر الیکشن لڑتی ہے تو وہ 38 لوک سبھا اور 180 اسمبلی سیٹیں جیت سکتی ہے۔ ریاست کے عوام اگھاڑی کی حکومت چاہتے ہیں، اس لیے ہمیں یقین ہے کہ مہاویکاس اگھاڑی کی تینوں جماعتوں کی مشترکہ حکومت ایک بار پھر اقتدار میں آئے گی۔تھوراٹ نے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی، شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کی پہل کی وجہ سے ریاست میں مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت قائم ہوئی تھی۔ ڈھائی سال تک ایم وی اے نے بہترین کام کیا اور ریاست کے لوگوں کو اعتماد جیتا۔ ایم وی اے کی حکومت بنتے ہی کورونا کابحران آگیا، کئی رکاوٹیں آئیں لیکن اس دوران بھی ترقیاتی کاموں کو رکنے نہیں دیا گیا۔ مشکل حالات میں بھی ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں کئے گئے کام کی دنیا نے تعریف کی۔ جب گنگا میں لاشیں پھینکی جا رہی تھیں تو مہاراشٹر نے ایسی بری صورتحال نہیں ہونے دی۔ جب مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت آئی تو سب سے پہلے کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کیا گیا۔ اس سے پہلے بی جے پی حکومت کی طرف سے دی گئی قرض معافی کے لیے کسانوں کو قطاروں میں کھڑے ہو کر فارم بھرنا پڑتا تھا، لیکن ایم وی اے نے لوگوں کو بغیر کسی پریشانی میں ڈالے قرض معاف کر دیا۔

سابق وزیر اعلی اشوک چوہان نے اس موقع پر کہا کہ جب سے کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کی شیوسینا ایک ساتھ ہیں، مہاراشٹر میں اتحاد کا ماحول قائم ہواہے۔ ادھو ٹھاکرے نے ایم وی اے کی حکومت کے دوران تمام پارٹیوں کا احترام کیا۔ ہم حکومت بنانے کے لیے دل و جان سے اکٹھے ہوئے۔ مہا وکاس اگھاڑی حکومت کی طرح مقامی سطح پر بھی ہم سب مل کر الیکشن لڑیں گے۔ چوہان نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کو ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے اکٹھا ہونا چاہیے۔ اب جس طرح کی سیاست ہو رہی ہے لوگ اسے پسند نہیں کر رہے۔ موجودہ حکومت انتقامانہ جذبے سے کام کررہی ہے، اگر ہمیں اس صورت حال کو بدلنا ہے تو تینوں جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ اگر ہمیں الیکشن میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو تعلقہ، ضلع کی سطح پر مل کر کام کرنا چاہیے۔میٹنگ کو سابق وزیر اعلیٰ شیو سینا پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، قائد حزب اختلاف اجیت پوار، این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، سابق وزیر چھگن بھجبل، شیکاپ لیڈر ایم ایل اے جینت پاٹل نے بھی خطاب کیا۔