جمہوریت وآئین پر حملہ کرنے والے شرپسندوں سے ہوشیار رہئے!: ناناپٹولے

کانگریس کے صدردفتر میں آزادی کا امرت مہوتسو جوش و خروش سے منایا گیا

ممبئی:ملک کو آزادی دلانے والے مہاتما گاندھی،پنڈت جواہرلال نہرو، سردار پٹیل، مولانا آزادو نیتا جی سبھاش چندر بوس جیسی عظیم شخصیات کے سمیت لاکھوں مجاہدین آزادی کی قربانیوں، جدوجہد اور ایثار سے ملک 15 اگست 1947 کو آزاد ہوا اور ترنگا لہرایا۔ لیکن اس ترنگا کو نہ تسلیم کرنے والے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو جمہوریت اور آئین کو ختم کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ ایسے شرپسندوں سے ہوشیار رہئے اور ترنگے کی عزت اور وقار کو برقرار رکھئے۔ یہ اپیل آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔

کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون میں آزادی کا امرت مہوتسو جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر سیوا دل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڈے، ریاستی ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان، ایم ایل اے راجیش راٹھوڈ، ایم ایل اے وجاہت مرزا، ایس سی ڈویژن کے ریاستی صدر سدھارتھ ہتمبیرے، سابق ایم ایل اے حسنہ بانو خلیفے، جنرل سکریٹری مناف حکیم، ریاستی نائب صدر کیپٹن کلاوت، ریاستی جنرل سکریٹری دیوآنند پوار، پرمود مورے، رانی اگروال، راجن بھوسلے، جوجو تھامس،ریاستی سکریٹری سری رنگ برگے، راجا رام دیشمکھ، ڈاکٹر ذیشان احمد کے ساتھ بڑی تعداد میں عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر ناناپٹولے نے کہا کہ جب ہندوستان کو آزادی ملی تو دنیا کے دیگر ممالک کو بھی آزادی ملی لیکن ان کی آزادی زیادہ دیر نہیں قائم نہیں رہ سکی کیونکہ اس ملک میں جمہوریت اور آئین نہیں تھا۔ ہمارے پاس جمہوریت ہے، ڈاکٹرباباصاحب امبیڈکر کا دیا ہوا آئین اورسب کو ساتھ لے کرچلنے والا کانگریس کا نظریہ تھا، اس لیے آج ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کا موقف تھا کہ ملک کا تقسیم نہیں ہونا چاہئے لیکن سب جانتے ہیں کہ تقسیم کا ذمہ دار کون تھا۔جنہیں کبھی ترنگا تسلیم ہی نہیں تھا وہی لوگ آج ’ہر گھر ترنگا‘ مہم چلا رہے ہیں جو دراصل کانگریس کے نظریے کی جیت ہے۔ ترنگے کا احترام ووقار ملحوظ رہنا چاہئے لیکن ایوینٹ بازی سے وہ نہیں رکھا جاسکتا۔چین سے ترنگا جھنڈا درآمد کیا گیا ہے، اس ترنگے میں رنگ، سائز اور اشوک چکر میں تال میل نہیں ہے۔

ناناپٹولے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آزادی کے امرت سال کے دوران سب کو مکان فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اگر آپ دیکھیں کہ آج امرت مہوتسو مناتے ہوئے کتنے لوگوں کو مکانات دیے گئے ہیں تو لگتا ہے کہ یہ بھی ایک جملہ تھا۔ بی جے پی حکومت جھوٹے وعدوں کے ذریعے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ آزاد ہندوستان میں کسان کوآندولن جیوی ودہشت گرد کہہ کر ان کی توہین کی گئی جو نہایت افسوسناک ہے۔اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نے آزادی کے امرت مہوتسو کی سب کو مبارکباد دی۔