وکرانت بچانے کے نام پررقم ہڑپنے کے معاملے میں بی جے پی کو ملزم بنایا جائے:ناناپٹولے
اس وقت کے بی جے پی صدر وخزانچی کی بھی تفتیش ہو، چندہ کے نام پر عوام کے ساتھ دھوکہ
ممبئی:ہندوستانی بحریہ کی جنگی جہاز آئی این ایس وکرانت کوبچانے کی مہم کے تحت بی جے پی اور کریٹ سومیا نے عام لوگوں سے جو پیسہ اکٹھا کیا تھا وہ لوگوں کو واپس دیا جانا چاہیے۔کریٹ سومیا کا کہنا ہے کہ جمع کی گئی رقم بھارتیہ جنتا پارٹی کو دی گئی تھی،لیکن یہ رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں ہوئی۔ یہ عام لوگوں کے ساتھ دھوکہ اور سنگین جرم ہے۔اگر یہ جمع کی گئی رقم بی جے پی کو دی گئی ہے تو اس معاملے میں بی جے پی کو بھی شریک ملزم بنایا جانا چاہئے اور اس وقت کے ریاستی صدر اور خزانچی سے بھی تفتیش ہونی چاہئے۔ یہ مطالبہ ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔
اس ضمن میں مزید بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کریٹ سومیا نے آئی این ایس وکرانت بچاؤ ابھیان کے تحت 140 کروڑ روپے اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اس کے لیے کریٹ سومیا اور بی جے پی کے عہدیداروں نے ہاتھوں میں ڈبّے لے کر ’سیو وکرانت‘ کے نام پر عام لوگوں سے چندہ اکٹھا کیا تھا لیکن اس رقم کی کوئی رسید نہیں دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سومیا کے وکیلوں نے ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ لوگوں سے جمع کی گئی رقم بی جے پی کو دی گئی تھی اور راج بھون، راشٹرپتی بھون یا وزارت دفاع میں جمع نہیں کی گئی تھی۔ یہ عوام کے قومی جذبے کے ساتھ غداری ہے اور یہ چندہ جھوٹ بول کر جمع کیا گیا ہے۔ اگر بی جے پی نے یہ پیسہ لیا ہے تو یہ بھی جرم ہے، اس لیے بی جے پی اور اس کے ریاستی صدر کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔
پٹولے نے کہا کہ بی جے پی نے وکرانت کو بچانے کے نام پر عوام کے جذبات سے کھلواڑ کیا ہے۔ سومیا کے وکیل کے مطابق وکرانت کو بچانے کے نام پر 11000 روپے جمع کرائے گئے ہیں لیکن یہ رقم یقینا اس سے بڑی ہے۔ لوگوں کو یہ جاننے کا حق ہے کہ بی جے پی نے وکرانت کو بچانے کے نام پر کتنی رقم جمع کی اور اسے کس مقصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے یہ بھی کہا کہ ’سیو وکرانت‘ کی آڑ میں وصولی کے معاملے میں سومیا کے ساتھ بی جے پی کو شریک ملزم بنا کر پورے گھوٹالے کی جانچ ہونی چاہیے۔