MPCC Urdu News 11 October 2025

مودی حکومت نے کلیان کی 450 ایکڑ زمین اڈانی کو سونپ دی، سیمنٹ کمپنی کے لیے تمام قوانین تبدیل کیے گئے: ہرش وردھن سپکال

کانگریس حکومت نے غریبوں کو زمین دی، مودی حکومت زمین چھین کر اڈانی کو دے رہی ہے

چیف جسٹس بھوشن گوئی اور ماما پگارے پر حملے منو وادی ذہنیت کا مظہر، کانگریس نے سخت جواب دینے کا اعلان کیا

ممبئی: مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے زرعی اصلاحات اور سیلنگ ایکٹ کے ذریعے جاگیرداروں کی لاکھوں ایکڑ زمین عوام میں تقسیم کی تھی، آچاریہ ونوبا بھاوے نے بھودان تحریک کے تحت بے زمینوں کو زمین دلانے کی تاریخی مہم چلائی، مگر آج حالات یکسر بدل چکے ہیں۔ مودی حکومت غریبوں سے زمینیں چھین کر اپنے قریبی صنعت کاروں کو تحفے میں دے رہی ہے۔

ہرش وردھن سپکال نے کلیان میں اڈانی گروپ کی سیمنٹ کمپنی کے خلاف جاری عوامی تحریک میں شامل ہو کر مظاہرین سے ملاقات کی اور مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ممبئی کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ، نوی ممبئی کا ہوائی اڈہ، دھاراوی، مدر ڈیری اور دیونار کی زمین سب اپنے چہیتے دوست کو دے دی۔ پھر بڑھون بندرگاہ کے نام پر پالگھر سونپ دیا گیا اور اب کلیان کی 450 ایکڑ زمین بھی اڈانی کی سیمنٹ کمپنی کو دے دی گئی ہے۔ صرف زمین نہیں بلکہ اس کمپنی کے لیے ماحولیاتی قوانین سمیت تمام ضروری قوانین بھی بدل دیے گئے ہیں۔ یہ کھلا بدعنوانی کا معاملہ ہے اور مقامی لوگوں کی زندگی پر سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تحریک کو دبانے کے لیے حکومت نے بھاری پولیس فورس تعینات کر رکھی ہے، لیکن کانگریس اسمبلی میں بھی اس مسئلے کو پوری قوت سے اٹھائے گی۔

ہرش وردھن سپکال نے چیف جسٹس بھوشن گوئی اور ڈومبیولی کے سینئر کانگریسی رہنما ماما پگارے پر ہوئے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے منو وادی ذہنیت اور تانا شاہی رجحان کا نتیجہ ہیں۔ ایسی ذہنیت سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اسے سخت جواب دینا ضروری ہے۔ کانگریس پارٹی کارکنوں کی جماعت ہے، اگر کسی نے کسی کانگریسی پر ہاتھ اٹھایا تو پارٹی اس کے پیچھے پوری طاقت سے کھڑی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ماما پگارے پر حملہ کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ سماج میں انصاف اور مساوات کا پیغام جائے۔

تقریب کے دوران ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے ماما پگارے کو اسٹیج پر اپنے کندھے پر اٹھا کر عزت و احترام کے ساتھ پیش کیا اور انہیں آئین ہند کی نقل اور گوتم بدھ کی مورتی بطور اعزاز پیش کی۔ اس موقع پر الہاس نگر کانگریس کے عوامی رابطہ دفتر کا افتتاح بھی ہرش وردھن سپکال کے ہاتھوں انجام پایا۔ تقریب میں ریاستی نائب صدر (تنظیم و انتظامیہ) ایڈووکیٹ گنیش پاٹل، سابق رکن پارلیمنٹ سریش ٹاورے، ریاستی جنرل سیکریٹری راجن بھوسلے، برج دت، رانی اگروال، اجنکیہ دیسائی، کلیان شہر کے صدر سچن پوٹے، راجابھاؤ پاٹکر، اور الہاس نگر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر روہت سالوے سمیت متعدد سینئر رہنما موجود تھے۔

چیف جسٹس بھوشن گوئی پر حملے کی کوشش کے خلاف ممبئی یوتھ کانگریس کا احتجاج

ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے مجسمے کے سامنے زینت شبیرین کی قیادت میں مظاہرہ

ممبئی: سپریم کورٹ آف انڈیا کے چیف جسٹس بھوشن گوئی پر عدالت کے اندر ایک شخص نے حملے کی کوشش کرتے ہوئے نعرے بازی کی، جسے ملک کی عدلیہ اور آئین پر حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ممبئی یوتھ کانگریس نے اپنی صدر زینت شبیرین کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

یوتھ کانگریس کے کارکنان نے منترالیہ کے قریب واقع بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے مجسمے کے سامنے آر ایس ایس کے ایک خودساختہ رضاکار کا علامتی پتلا کو جوتے مارتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس دوران پولیس نے کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ زینت شبیرین نے اس موقع پر کہا کہ چیف جسٹس ملک کی عدلیہ کے سربراہ ہیں، ان پر عدالت کے اندر حملہ دراصل آئین اور انصاف کے نظام پر حملہ ہے۔ یہ حملہ ایک منووادی ذہنیت رکھنے والے شخص کی حرکت ہے، جو مسلسل آئین مخالف بیانات دے رہا ہے۔ ہم پر اگر مقدمات درج کیے جائیں تب بھی ہم آئین اور جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

زینت شبیرین نے مزید کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں اس واقعے پر عوامی غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور تمام سماجی و سیاسی طبقات اس حملے کی مذمت کر رہے ہیں۔ ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر کے طور پر تقرری کے بعد زینت شبیرین کا آج ممبئی میں پرجوش استقبال کیا گیا۔ ان کے اعزاز میں ہوائی اڈے سے ایک شاندار ریلی نکالی گئی جو گیٹ وے آف انڈیا تک پہنچی۔ ریلی کے دوران انہوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج، سابق وزیراعظم راجیو گاندھی اور بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے مجسموں پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا، جس کے بعد احتجاجی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

MPCC Urdu News 11 October 25.docx

Zeenat Shabrin.zip

MPCC PICS.zip

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading