MPCC Urdu News 10 January 23
کارکنان کو متحرک کے لیے کانگریس کی ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو’مہم: ناناپٹولے
کسانوں کے قرضوں اوربجلی بلوں کی مکمل معافی سمیت متعدد قراردادیں متفقہ طور پر منظور
ریاستی کانگریس کمیٹی کی توسیعی ایگزیکٹو میٹنگ کاناگپور میں انعقاد
ناگپور:ملک میں بی جے پی حکومت کے خلاف عوام میں زبردست ناراضگی ہے، کیونکہ مودی حکومت کی پالیسی کسانوں و نوجوانوں کو تباہ کرنے والی ہے۔ اس کے برخلاف راہل گاندھی کے ذریعے پیش کیے جانے والے موقف کو لوگوں کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کو ملک میں زبردست پذیرائی توملی ہی رہے لیکن مہاراشٹرا نے بھی زبردست تعاون دے کر اس پد یاترا کو کامیاب بنایا ہے۔اب اسی پیغام کے تحت ریاست میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم شروع کی جائے گی۔ یہ مہم کانگریس کے کارکنان میں زبردست توانائی پیداکرے گی اور انہیں متحرک کرے گی۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کہی ہیں۔
ناگپور میں رانی کوٹھی میں ریاستی کانگریس کی توسیعی ایگزیکٹو میٹنگ ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے کی صدارت میں منعقد ہوئی۔اس میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کے ریاستی انچارج سابق مرکزی وزیر پلم راجو، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سابق وزیر ڈاکٹر نتن راؤت، سنیل کیدار، وجے وڈیٹی وار،ایم پی بالوبھاؤ دھانورکر، تلنگانہ کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، سابق مرکزی وزیر ولاس متیموار، ریاستی ورکنگ صدر سابق وزیر نسیم خان، سابق وزیر بسواراج پاٹل، پرنیتی شندے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی سکریٹری اور معاون انچارج سونل پٹیل، خواتین کانگریس کی ریاستی صدر سندھیاتائی سوالاکھے، سیوا دل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڈے، ریاستی چیف ترجمان اتل لونڈڈے، ریاستی جنرل سکریٹری دیوآنند پوار، پرمود مورے، ناگپورشہر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدرایم ایل اے وکاس ٹھاکرے، ناگپور دیہی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سابق وزیر راجیندر مولک سمیت کانگریس کے دیگر عہدیداران وکارکنان موجود تھے۔
میٹنگ کے آغاز میں ہی بھارت جوڑو یاترا میں شہید ہونے والے سیوا دل کے سینئر لیڈر کے کے پانڈے کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر نانا پٹولے نے کہا کہ راہل گاندھی کو بدنام کرنے کے لیے بی جے پی نے کروڑوں روپے خرچ کیے لیکن عوام اس پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوئے۔ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے راہل گاندھی کی قیادت اور حقیقی شناخت لوگوں کو معلوم ہو گئی ہے اور عوام بڑی تعداد میں ان کے پیچھے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں ریاست میں 44 ایم ایل اے کامیاب ہوئے تھے اور کانگریس کے مستقبل کے بارے میں بات ہونے لگی تھی، لیکن اب ماحول بدل گیا ہے۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس بات کا قوی امکان ہے کہ کانگریس کو اچھی کامیابی ملے گی۔ ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں بھی کانگریس کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ایم ایل اے اور ایم پی منتخب کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ریاستی صدر نے کہا کہ اگر ہمیں لوگوں کو کانگریس کے ساتھ جوڑنا ہے تو ان کے ساتھ رابطہ بڑھانا ہوگا اور کانگریس کے سپاہی کے طو ر پر کام کرنا ہوگا۔ ہم سب کو ایک خاندان کے طور پر ساتھ لے کرچلیں گے اور آل انڈیا کانگریس کی’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کو مہاراشٹر میں زبردست کامیاب کریں گے۔
اس موقع پر ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘مہم کے انچارج پلم راجو نے کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو مہاراشٹر میں اچھا رسپانس ملا ہے۔ یاترا کا مقصد سب کو معلوم ہے اب ہم نے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کے لیے مقامی سطح پر مناسب منصوبہ بندی کی جائے اور مہم کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جائے۔ ہر ضلع کی ذمہ داری وہاں کے انچارج پر ہوگی۔ ریاست کے ۶ ڈویژنوں میں کیمپ منعقد کرکے مہم کی جانکاری دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ مہم لوگوں سے رابطے کو مضبوط کرنے، تنظیمی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور قومی و ریاستی سطح کے مسائل کو لوگوں تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہوگا۔
اس موقع پر ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ میں کچھ قراردادیں بھی منظور کی گئیں، جن میں بھارت جوڑو یاترا کے لیے راہول گاندھی کو مبارکباد ویاترا کوکامیاب بنانے کے لیے مہاراشٹر کے لوگوں کے بے مثال تعاون کے لیے اظہار تشکر، پدا یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے دن رات محنت کرنے کے لئے تمام عہدیداروں کا شکریہ، مرکز اور ریاست کی کسان مخالف بی جے پی حکومت مذمت،ریاست کے کسانوں کی مکمل قرض معافی وبجلی بلوں کی معافی کا مطالبہ، گڈچرولی ضلع میں سورجا گڑھ لوہے کا پروجیکٹ قائم کرکے ریاست کے نوجوانوں کو روزگار اور ریاست کو ریونیو فراہم کرنے جیسی قراردایں شامل تھیں۔ یہ قراردادیں سابق مرکزی وزیر ولاس متموار، سابق ریاستی وزیر وجئے ویڈیٹی وار، سابق ریاستی وزیر نسیم خان، سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر نتن راؤت اور ایم ایل اے ابھیجت ونجاری نے پیش کیں۔