حکومت نے پہلی بار باضابطہ طور پر ہندوستانی فوج کے اُن 6 جانبازوں کے ناموں کا انکشاف کیا ہے جو آپریشن سندور کے دوران ملک کے لیے جاں نثار ہو گئے تھے۔ گزشتہ سال مئی میں پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے لیے یہ سرحد پار فوجی کارروائی شروع کی گئی تھی۔
ان 6 شہیدوں کے نام ’نیشنل وار میموریل‘ کی ویب سائٹ پر ’رول آف آنر‘ سیکشن میں شائع کیے گئے ہیں اور نئی دہلی میں واقع ’نیشنل وار میموریل‘ پر بھی انہیں درج کیا گیا ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ حکومت نے اس آپریشن کے دوران ہندوستانی مسلح افواج کو ہونے والے جانی نقصان کو عوامی اور سرکاری سطح پر تسلیم کیا ہے۔’نیشنل وار میموریل‘ کی ویب سائٹ کے مطابق ان شہیدوں کے نام یادگار کی وال 3 ڈی پر 2025 کے حصہ میں کندہ کیے گئے ہیں، جو اُن فوجی اہلکاروں کے لیے مخصوص ہے جنہوں نے ملک کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ملک کے لیے عظیم ترین قربانی دینے والے ان 6 جانبازوں میں ہیڈکوارٹر 10 انفنٹری بریگیڈ کے صوبیدار میجر پون کمار، 4 جموں و کشمیر لائٹ انفنٹری کے رائفل مین سنیل کمار (ویر چکر)، 5 فیلڈ رجمنٹ کے لانس نائک دنیش کمار، 851 لائٹ رجمنٹ کے ایوی ایشن ٹیکنیشن موڈ مرلی نائک، 237 فیلڈ ورکشاپ کمپنی کے حولدار سنیل کمار سنگھ اور سارجنٹ سریندر کمار، وایو سینا پدک (39 ونگ) شامل ہیں۔مئی 2025 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 4 روز تک جاری رہنے والے اس تصادم کے دوران فوجی نقصانات سے متعلق مختلف خبریں اور قیاس آرائیاں سامنے آ رہی تھیں۔ تاہم اب تک حکومت نے آپریشن سندور کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت کا سرکاری طور پر انکشاف نہیں کیا تھا۔ نیشنل وار میموریل کے ’رول آف آنر‘ میں ان ناموں کی اشاعت کے بعد اب اس کی باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے۔
رام مندر ٹرسٹ تحلیل کر کے سیاسی افراد کی جگہ سادھو-سنتوں اور مذہبی لوگوں کو شامل کیا جائے: کانگریس
نئی دہلی:رام مندر میں مبینہ زیورات اور نقدی چوری کے معاملے کو لے کر کانگریس نے مرکزی حکومت اور مندر ٹرسٹ کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ راجیہ سبھا رکن اور کانگریس کے سینئر رہنما راجیو شکلا نے اس معاملے میں آج پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’رام مندر میں چندے اور چڑھاوے کی بھیانک لوٹ ہوئی ہے۔ بھگوان شری رام کے تئیں عقیدت کے باعث ملک کے گاؤں سے اور غریب لوگوں سے چندہ اکٹھا کیا گیا تھا، جسے لوٹ لیا گیا۔ لیکن جب ایف آئی آر درج ہوئی تو اس میں صرف چھوٹے ملازمین کے نام ڈال دیے گئے۔
سوال یہ ہے کہ بڑے لوگوں کی ملی بھگت کے بغیر کیا کوئی چھوٹا ملازم سی سی ٹی وی بند کر کے ہزاروں کروڑ روپے کا چندہ چوری کر سکتا ہے؟‘‘کانگریس لیڈر راجیو شکلا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’گزشتہ انتخاب میں بی جے پی نے نعرہ دیا تھا ’جو رام کو لائے ہیں، انہیں اقتدار میں لائیے‘۔ اب جنہوں نے بھگوان رام کے نام پر لوٹ کی ہے، ان کی کیا سزا ہونی چاہیے؟ رام مندر میں جہاں نقد چڑھاوے کو کم کر کے دکھا دیا جاتا تھا، وہیں خواتین کی طرف سے چڑھائے گئے زیورات کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں بنایا گیا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس نے لوگوں کی عقیدت کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔‘‘