بھاگلپور :(ایجنسیز)بہار کے بھاگلپور سے کروا چوتھ پر ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں شوہر نے بیوی کی شادی اسکے عاشق سے کروا دی۔
دراصل، کروا چوتھ سے پہلے بیوی نے شوہر سے کہا تھا کہ میں کسی اور سے پیار کرتی ہوں اور اس کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔ اس کے بعد شوہر نے گاؤں کے سرپنچ اور مکھیا کو بلایا اور گاؤں والوں کے سامنے بیوی کی شادی اس کے عاشق سے کروا دی۔
خاتون کو شوہر سے 4 بچے بھی ہیں۔
وداعی کے وقت شوہر نے بیوی سے کہا کہ تم جاؤ اور خوش رہو، میں چاروں بچوں کا خیال رکھوں گا۔ چار بچوں کی عمریں صرف 2 سال سے 8 سال کے درمیان ہیں۔
معاملہ بھاگلپور ضلع کے سلطان گنج کے گاؤں گگنیہ کا ہے۔ دونوں کی شادی 10 سال قبل ہوئی تھی۔ ایک 26 سالہ خاتون کو اپنے مائیکہ میں ایک نوجوان سے محبت ہو گئی تھی۔ یہ بات اس نے کروا چوتھ سے پہلے اپنے شوہر کو بتائی تھی۔
پوجا کا تعلق بہار کے ضلع بانکا سے ہے۔ 2012 میں، اس کی شادی بھاگلپور کے گگنیا گاؤں کے شراون سے ہوئی تھی۔ اس وقت پوجا کی عمر 16 سال تھی۔ شادی کے بعد پوجا اکثر اپنے مائیکہ آتی تھی۔ اس کے پڑوس کے گھر میں چھوٹو (26سال) کی ننہال تھی۔ دونوں کے درمیان 5 سال پہلے افیئر شروع ہوا تھا۔
رفتہ رفتہ اس کی یہ محبت اس قدر بڑھنے لگی کہ عورت نے اپنے چار بچوں کو چھوڑ کر اپنے عاشق سے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔