نئی دہلی، 9اگست (یو این آئی) جموں۔کشمیر ریاست آئندہ 31اکتوبر کو دومرکز کے زیرانتظام ریاستوں جموں۔کشمیر اور لداخ میں تقسیم ہوجائے گی۔صدر رامناتھ کووند نے جعہ کو جموں۔کشمیر تشکیل نو ایکٹ 2019کو اپنی منظوری دے دی۔ ایکٹ میں ریاست کو دو مرکز کے زیرانتظام ریاستوں جموں۔کشمیر اور لداخ میں تقسیم کرنے کا التزام ہے۔ جموں۔کشمیر میں اسمبلی ہوگی جبکہ لداخ میں اسمبلی نہیں ہوگی۔ اس کے فوراََ بعد وزارت داخلہ نے ایک نوٹفکیشن جاری کرکے تقسیم کی تاریخ 31اکتوبر طے کردی۔ایکٹ کے مطابق نو تشکیل شدہ مرکز کے زیرانتظام ریاست لداخ میں کرگل اور لیہہ اضلاع کو شامل کیا جائے گا جبکہ موجودہ ریاست کے دیگر 12ضلع مرکز کے زیرانتظام ریاست جموں۔کشمیر کا حصہ بنیں گے۔ جموں۔کشمیر میں اس وقت لوک سبھا کی چھ سیٹیں ہیں۔ تقسیم کے بعد مرکز کے زیرانتظام ریاست جموں۔کشمیر میں پانچ اور مرکز کے زیرانتظام ریاست لداخ میں ایک لوک سبھا سیٹ ہوگی۔ دونوں مرکز کے زیرانتظام ریاستوں میں اب گورنر کی جگہ لیفٹننٹ گورنر ہوں گے۔