لکھنؤ۔ ریاست میں شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف پر تشدد احتجاجی مظاہرے کرنے کے الزام میں اترپردیش حکومت نے مرکز سے اپنی سفارش میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر فوری اثر سے پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ایف آئی پر پابندی کا سفارشی لیٹر پیر کو ریاست کے ڈی جی پی او پی سنگھ نے سینٹر کو بھیجا ہے۔
وہیں ریاست کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں منگل کو کہا کہ ریاست میں ہوئے تشدد کے پیچھے اسی تنظم کے اراکین کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تنظیموں کو پنپنے کی بالکل بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان پر پابندی عائد کی جائیگی۔ ہم نے اس پر پابندی کے لئے مرکز کو خط ارسال کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایف آئی کے متعدد اراکین کا تعلق پہلے سے ہی ممنوعہ جماعت اسٹوڈنٹ اسلامی مومنٹ آف انڈیا(سیمی) سے ہے۔ پولیس انکوائری میں اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ ریاست کے متعدد مقامات خاص کر لکھنؤ میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں پی ایف آئی کے کارکنوں کا ہاتھ تھا۔ ہم نے ایسے شرپسند عناصر کو ہر حال میں پہچان کر ختم کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ یوپی ڈی جی پی نے کہا کہ انہوں نے پی ایف آئی پر پابندی لگانے کے لئے مرکز کو سفارشی لیٹر ارسال کردیا ہے۔