ہمسائے سے اچھے برتاؤ کے لئے اس کے اچھے ہونے کا انتظار نہ کریں: پوپ فرانسس

ویٹیکن سیٹی: اسقف اعظم پوپ فرانسس نے میلاد مسیح کے موقع پر کہا ہے کہ خدائے برتر سب انسانوں سے محبت کرتا ہے، خواہ کوئی شخص کتنا ہی گنہگارکیوں نہ ہو۔ ایک عشاریہ تین بلین رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کرسمس سے عین پہلے کل رات ویٹیکن سٹی کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں منعقدہ روایتی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کرسمس اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ کوئی کتنا ہی برا کیوں نہ ہو، خدا سب سے محبت کرتا ہے۔

رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا (83) نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے کہ کسی کے خیالات میں خلل ہو یا کسی نے معاملات کو بالکل ہی بگاڑ دیا ہو، باوجودیکہ خدا انسانوں سے محبت کرتا ہے۔ اسقف اعظم نے کہا کہ لوگ کئی بار سوچتے ہوں گے کہ اگر وہ اچھا کام کریں گے تو خدا بھی ان کے ساتھ اچھا کرے گا اور اگر وہ برا کام کریں گے تو خدا سز ا دے گا۔ لیکن ایسا نہیں ہے۔ وہ بندوں سے ہمیشہ محبت کرتا ہے۔

پوپ فرانسس نے عصری منظر نامے کے پس منظر میں کہا ایسا نہیں سوچنا چاہیے کہ انسانیت سے محبت وقت کا زیاں ہے، محبت زندگی کو ایک مقصد دیتا ہے۔ اس لئے ہمت، اعتماد اور امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انسانوں کو چاہیے کہ وہ دوسروں کے لیے تحفہ بنیں اوراحترام حاصل کرنے کے لئے دوسروں کی مدد کریں، ہمسائے سے اچھے برتاؤ کے لیے اس کے اچھے ہونے کا انتظار نہ کریں۔

کیتھولک مسیحیوں کے 266 ویں روحانی پیشوا نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں کی اچھی پرورش پر توجہ دی جائے اور خود کو ان کی محبت میں فنا کردیا جائے تاکہ بعد میں یہ شکایت نہ رہے کہ وہ بزرگوں سے محبت نہیں کرتے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading