ہائی لینڈ اسپتال میں ٹرائیجیمنل نیورلجیا کے دو کامیاب آپریشن
مریضوں کو درد سے نجات اور دوبارہ مسکرانے کا موقع ملا

تھانے (آفتاب شیخ)
ہائی لینڈ سپر اسپیشلٹی ہسپتال، تھانے نے ٹرائیجیمنل نیورلجیا (TN) میں مبتلا دو مریضوں کی کامیاب سرجری کر کے انہیں نئی زندگی دی ہے۔ ہندوستان کے معروف نیورو سرجن اور ہائی لینڈ سپر اسپیشلٹی ہسپتال کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر چندر ناتھ تیواری نے 26 سالہ تبسم خلیل حفیظ اور 53 سالہ نام دیو پاٹل کا آپریشن کیا اور ان کی کئی برسوں کی تکلیف ختم کر کے ان کی مسکراہٹیں بحال کر دیں۔
ٹرائیجیمنل نیورلجیا ایک اعصابی بیماری ہے جسے طبّی دنیا میں سب سے زیادہ تکلیف دہ حالتوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اسے ’’خودکشی کی بیماری‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ چہرے کے شدید درد، نیند اور روزمرہ کی زندگی پر اس کے اثرات اور غلط تشخیص کی وجہ سے اکثر مریض طویل عرصے تک بلاوجہ اذیت سہتے ہیں۔ ڈاکٹر چندر ناتھ تیواری کے مطابق یہ بیماری 50 سال سے زائد عمر کے افراد میں زیادہ عام ہے لیکن کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے۔ بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی بھی اسی بیماری کی حال ہی میں سرجری ہوئی تھی۔
ضلع رائے گڑھ کی رہائشی تبسم حفیظ فروری 2024 سے چہرے کے دائیں جانب ناقابلِ برداشت درد میں مبتلا تھیں اور مسلسل مختلف دانتوں کے ڈاکٹروں کے پاس جانے کے باوجود ان کی تشخیص نہ ہو سکی۔ آخرکار ایم آر آئی رپورٹ میں اعصابی نقصان ظاہر ہونے کے بعد انہیں ہائی لینڈ اسپتال بھیجا گیا، جہاں 19 اگست 2025 کو ڈاکٹر تیواری نے کامیاب آپریشن کیا۔ تبسم حفیظ اب مکمل طور پر صحت مند ہیں اور معمول کی زندگی گزار رہی ہیں۔
اسی طرح بھیونڈی کے ڈیو انجور کے رہائشی 53 سالہ رکشہ ڈرائیور نام دیو پاٹل بھی دو برس تک اس بیماری میں مبتلا رہے اور بے شمار علاج کے باوجود آرام نہ آیا۔ بالآخر 13 مئی 2025 کو ان کی بھی ہائی لینڈ اسپتال میں سرجری کی گئی اور وہ اب اس شدید درد سے آزاد ہو چکے ہیں۔ دونوں مریضوں نے ڈاکٹر تیواری اور اسپتال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔
ڈاکٹر چندر ناتھ تیواری کا کہنا ہے کہ ناقابل برداشت چہرے کے درد کی صورت میں فوراً ماہر نیورو سرجن سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ ہائی لینڈ سپر اسپیشلٹی ہسپتال جدید طبی سہولتوں اور ماہر ڈاکٹروں کے ذریعے ٹرائیجیمنل نیورلجیا جیسے پیچیدہ کیسز میں بھی مریضوں کو نیا حوصلہ دینے کے لئے پرعزم ہے۔