"گھوڑبندر روڈ پر ٹریفک کا بوجھ کم کرنے کے لیے اہم فیصلہ"
"کنکریٹ سڑک اور میٹرو پروجیکٹ کو ایک ساتھ مکمل کیا جائے گا – وزیر پرتاپ سرنائیک"
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے گائمکھ تا دہیسر میٹرو لائن اور گائمکھ گھاٹ کنکریٹ سڑک کے کام کو ایک ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (MMRDA) اور تھانے میونسپل کارپوریشن (TMC) کے افسران کو ہدایت دی کہ دونوں پروجیکٹ متوازی طور پر مکمل کیے جائیں، تاکہ سڑک کی بار بار کھدائی اور ٹریفک میں رکاوٹ سے بچا جا سکے۔
وزیر سرنائیک نے کہا کہ اگر دونوں پروجیکٹس الگ الگ وقت پر مکمل کیے گئے، تو علاقے میں مسلسل ٹریفک مسائل پیدا ہوں گے۔ اس لیے ضروری ہے کہ انہیں ایک ہی مرحلے میں مکمل کیا جائے، تاکہ عوام کو کم سے کم دشواری ہو اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اس حوالے سے ایک اجلاس تھانے میونسپل کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر میں منعقد کیا گیا، جس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے، جن میں میونسپل کمشنر سوربھ راؤ، ایڈیشنل میونسپل کمشنر سندیپ مالوی اور پرشانت روڈے، سٹی انجینئر پرشانت سوناگرا، MMRDA کے ایڈیشنل کمشنر اشون مدگل، پروجیکٹ ڈائریکٹر انیل سالونکھے شامل تھے۔
اجلاس میں گھوڑبندر روڈ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے داخلی متبادل راستے بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر سرنائیک نے تاکید کی کہ مونسون کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، اس کے لیے متاثرہ درختوں کی منتقلی اور شجرکاری کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل سڑکوں کی تعمیر سے گھوڑبندر روڈ پر ٹریفک کا بوجھ 20 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے ناگالا بندر کریک ڈیولپمنٹ اور مینگروو پارک منصوبے کی پیش رفت پر بھی غور کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ افراد کی باز آبادکاری کے عمل کو تیز کیا جائے۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے کہا کہ گھوڑبندر روڈ پر ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور مونسون سے قبل گائمکھ گھاٹ روڈ کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے ایجنسیوں کے درمیان مؤثر تال میل رکھا جا رہا ہے۔
MMRDA کے ایڈیشنل کمشنر اشون مدگل نے اجلاس میں بتایا کہ میٹرو پروجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
وزیر پرتاپ سرنائیک کی ان ہدایات کے بعد تھانے میں ٹریفک کا نظام مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔ گھوڑبندر روڈ، میٹرو اور دیگر منصوبوں کو مربوط طریقے سے مکمل کرنے سے شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
