اسرائیلی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس نے مغربی ایران کے علاقے کرمانشاہ میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔رات بھر 20 اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے میزائل سٹوریج اور لانچ سائٹس کے ساتھ ساتھ ایرانی ریڈار اور سیٹلائیٹ سسٹم کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیل نے ایران کی بیلسٹک میزائل صلاحیت کو کم کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ گذشتہ رات کے حملے اس تنازع کے دوران ہونے والے سب سے شدید حملوں میں سے ایک تھے۔
دوسری جانب، ایران نے بظاہر پوری رات میں اسرائیل پر صرف ایک میزائل داغا ہے۔اسرائیلی حکام کے مطابق اس میزائل کو امریکی فضائی دفاعی نظام کی مدد سے مار گرایا گیا تھا۔ یہ نہ صرف امریکی حمایت کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام پر کتنا دباؤ ہے۔
اس کے علاوہ اسرائیل کے جنوبی ساحلی علاقے ایلات میں ایک ایرانی ڈرون مار گرایا گیا ہے۔ایران کی جانب سے محدود جوابی کارروائی شاید یہ ظاہر کرتی ہے کہ دس روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے بعد اس کی میزائل صلاحیتوں میں کتنی کمی آئی ہے۔
ایک اور امکان یہ ہے کہ شاید ایرانی قیادت اپنے اگلے اقدام پر غور کرتے ہوئے جوابی کارروائی کے وقت کا تعین کر رہی ہے۔ وہ جوابی کارروائی جس کا اس نے وعدہ کیا ہے۔