کچرے کے مسئلے پر کانگریس کا جارحانہ احتجاج
میونسپل ہیڈ کوارٹر کے سامنے ڈھول بجا کر انوکھا دھرنا
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن میں انتظامی راج نافذ ہے، جو مکمل طور پر ریاستی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔ کارپوریشن میں عوامی نمائندے نہ ہونے کے سبب انتظامیہ شہری مسائل پر توجہ نہیں دے رہی، جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے پانی کی قلت اور کچرے کی نکاسی جیسے بنیادی مسائل شدت اختیار کر گئے ہیں۔
تھانے میونسپل کارپوریشن کے پاس اپنا کچرا ڈمپ نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں کچرے کا بحران سنگین ہو چکا ہے۔ اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے کانگریس پارٹی نے میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، جس میں ریاستی جنرل سیکریٹری اور تھانے کانگریس کے انچارج چندرکانت پاٹل اور ریاستی سیکریٹری سنتوش کینی نے شرکت کی۔
چندرکانت پاٹل نے اس موقع پر کہا کہ انتخابات ہوں یا نہ ہوں، کانگریس عام آدمی کے مسائل پر آواز اٹھاتی رہے گی اور حکمراں جماعت و انتظامیہ کی بدعنوانی کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد اقدامات نہ کیے گئے تو شہریوں کا صبر جواب دے جائے گا۔
اس موقع پر تھانے شہر کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ وکرانت چوان نے کہا کہ گزشتہ دس دنوں سے شہر میں مکمل طور پر کچرا نہیں اٹھایا گیا، جو نہ صرف میونسپل کارپوریشن بلکہ حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس انتظامیہ نے دس سال کے ٹنڈر کا منصوبہ بنایا، وہ دس دن کا کچرا نہیں اٹھا پا رہی۔ اگر یہ مسئلہ فوری حل نہ ہوا تو شہری سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہوں گے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے ہاتھوں میں مطالبات کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حکمران پارٹی و انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ڈھول بجا کر احتجاجی انداز میں حکام کی توجہ اس سنگین مسئلے کی طرف مبذول کرائی۔ اس موقع پر تھانے کانگریس کے ترجمان راہل پنگلے، شعبہ خواتین کی صدر سمیتا ؤیتی، شلپا سونونے، سیوا دل کے صدر روی کولی، مہندر مہاترے، ہندو راؤ گلوے، شریش گھرت، نشی کانت کولی، سوپنل کولی، یوتھ کانگریس کے آشیش گری، ونیت تیواری، سوپنل بھویر، مہیش پاٹل، جنبا پاٹل اور بڑی تعداد میں عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔ بعد ازاں، میونسپل کمشنر کو اس حوالے سے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔
