کپاس ذخیرہ کرنے کے تھیلوں کی خریداری میں 41 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام
مہایوتی حکومت نے غیر قانونی ٹینڈرز جاری کرکے کسانوں کو لوٹا: نانا پٹولے
ممبئی (آفتاب شیخ) –
شندے-فڈنویس-پوار کی قیادت والی گزشتہ حکومت پر بدعنوانی کے سنگین الزامات لگاتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ کسانوں کے نام پر 41.59 کروڑ روپے کا بڑا گھوٹالہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بدعنوانی کی مکمل تحقیقات کرکے مہاراشٹر اسٹیٹ پاور لوم کارپوریشن کے جنرل منیجنگ ڈائریکٹر شری کرشنا پوار اور اس وقت کے وزیر زراعت دھننجے منڈے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
نانا پٹولے نے الزام لگایا کہ مہاراشٹر اسٹیٹ پاور لوم کارپوریشن کے ذریعے کپاس ذخیرہ کرنے کے تھیلوں کی خریداری میں بڑے پیمانے پر گھوٹالہ کیا گیا۔ 577 روپے میں ملنے والا تھیلا 1250 روپے میں خریدا گیا، جس کے نتیجے میں 41 کروڑ 59 لاکھ 35 ہزار 536 روپے کی بدعنوانی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا عمل غیر قانونی طور پر انجام دیا گیا اور اس میں ایک ہی خاندان کی چار کمپنیوں کو نوازا گیا۔
نانا پٹولے نے سوال اٹھایا کہ جب لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ضابطہ اخلاق نافذ تھا، تب مہایوتی حکومت نے الیکشن کمیشن سے اجازت لیے بغیر یہ ٹینڈر کیسے جاری کیے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پورا معاملہ حکومتی ملی بھگت سے انجام دیا گیا اور اس میں ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران اور وزراء ملوث ہیں۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ شندے-فڈنویس-پوار حکومت میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کے نام پر سرکاری خزانے کو لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف پاور لوم کارپوریشن تک محدود نہیں بلکہ مختلف سرکاری محکموں میں بڑے پیمانے پر خرد برد ہو رہی ہے۔
نانا پٹولے نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس گھوٹالے کی تحقیقات نہیں کی گئی اور قصورواروں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو کانگریس سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرے گی۔ انہوں نے حکومت کو للکارتے ہوئے کہا کہ کانگریس اس معاملے کو ایوان میں بھی اٹھائے گی اور عوام کے درمیان بھی لے کر جائے گی تاکہ بدعنوان عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے۔