کورونا وباء کے خاتمہ کے لیے نماز فجر میں قنوت نازلہ اور جمعہ کے موقع پر خصوصی دُعاؤں کا اہتمام کریں۔

برادران اسلام وخصوصاً ائمہ مساجد سے امیرحلقہ تلنگانہ، مولانا حامدمحمدخان کی اپیل

حیدرآباد:(ورق تازہ نیوز )امیرحلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمدخان نے برادران اسلام خصوصاً ائمہ مساجد سے اپیل کرتے ہوئے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ کورونا وباء ایک عالمی وباء ہے جس نے پوری انسانیت کو ہلاکر رکھ دیا ہے اور ہمارا ملک اس وباء سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست آگیا ہے، نبی رحمت ﷺ کی اُمت ہونے کی حیثیت سے ہمارا فریضہ ہے کہ ایسے مشکل حالات میں جہاں تک ممکن ہو انسانیت کے کام آئیں اور اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ہم گناہوں سے استغفار کریں اور اللہ کے دربار میں دُعاکا ہاتھ پھیلائیں کہ انسانیت کو اس مصیبت سے نجات حاصل ہو.

امیرحلقہ نے کہا کہ دشمنان اسلام کی جانب سے درپیش بعض مشکل حالات میں حضور اکرمﷺ نے قنوت نازلہ پڑھی ہے اورفقہاء کرام نے اس عمل کوسامنے رکھتے ہوئے وباؤں کے موقع پر بھی اس کے پڑھنے کی تلقین کی ہے۔اس لیے ائمہ کرام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ نماز فجر میں قنوت نازلہ پڑھنے کا اہتمام کریں اور 17رمضان المبارک کے جمعہ میں خصوصی دُعا کااہتمام کریں۔دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مصیبت اور سخت حالات کو جلد سے جلد دور فرمائے۔اور سارے عالم کے انسانوں پر رحم فرمائے۔