سڈنی :عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمگیر وبا قرار دیئے جانے کے 8 ماہ بعد کووڈ 19 دنیا کے ان آخری مقامات تک بھی پہنچ گیا جو اب تک کورونا وائرس کی زد سے محفوظ تھے . رواں ہفتے بحرالکاہل میں واقع جزائر پر مشتمل ملک وانواتو میں اولین کووڈ 19 کیس کو رپورٹ کیا .
یہ ملک آسٹریلیا کے شمال مشرق میں 12 سو میل کے فاصلے پر واقع ہے جبکہ اس سے قبل بحرالکاہل میں واقع 2 دیگر ممالک مارشل آئی لینڈز اور سولومن آئی لینڈز میں اکتوبر میں کووڈ 19 کے اولین کیسز سامنے آئے تھے. سامووا میں بھی ایک بحری جہاز پر کام کرنے والے ورکرز میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا. اب ماہرین کے تخمینے کے مطابق دنیا میں صرف 9 ممالک میں اب تک کووڈ 19 کے کسی کیس کو رپورٹ نہیں کیا گیا.
جس میں شمالی کوریا اور ترکمانستان بھی شامل ہیں، مگر ماہرین ان کے خیال میں وہاں کووڈ 19 موجود ہے، مگر ان کو رپورٹ نہیں کیا جارہا. اب کووڈ 19 سے محفوظ ممالک میں مائیکرونیشیا، پلاؤ، ٹونگا، سامووا،کیریباتی، ناورو اور تووالو شامل ہیں جو بحرالکاہل میں بہت دور دراز واقع ہیں. پیسیفک آئی لینڈز کے بیشتر ممالک نے کووڈ 19 کی وبا کے آغاز پر ہی اپنی سرحدوں کو بند کردیا تھا.