کورونا وائرس کا خوف،عراق کے دار الحکومت بغداد میں کرفیو نافذ

بغداد۔عراقی حکام نے ملک کے دار الحکومت بغداد میں کرفیو نافذ کر دیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاٰؤ سے بچا جا سکے۔عراق میں اب تک کورونا وائرس سے 110 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
ریاستی خبر رساں ایجنسی نے کیا ہے کہ یہ کرفیو 17 سے 24 مارچ تک نافذ رہے گا۔

اس سے پہلے حکام نے ملک بھر میں ہنگامی حالات، تجارت یا ملازمت کے علاوہ اندورنی سفر پر 25 مارچ تک پابندی عائد کی تھی۔

کورونا: اٹلی میں ایک دن میں ریکارڈ 368، برطانیہ میں مزید 14 ہلاکتیں

اتوار کے روز اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث 368 ہلاکتیں ہوئیں جو ایک دن میں کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ بنا ہے۔
لمبارڈی جو اٹلی کا سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے میں آج 252 افراد ہلاک ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1800 ہو گئی ہے۔

ادھر برطانیہ کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں مزید 14 افراد اس وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 35 ہو چکی ہے۔
برطانیہ میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1372 ہو چکی ہے۔ خیال رہے کہ سنیچر کو یہ تعداد 1140 تھی۔

جرمنی کا تین ممالک کے ساتھ سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ

جرمن میڈیا کے مطابق کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے جرمنی نے سوموار سے آسٹریا، فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس فیصلے کا ابھی تک سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ہنگری میں کورونا کے باعث پہلی ہلاکت

ہنگری میں کورونا وائرس کے باعث ایک 75 برس کے شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ برِاعظم یورپ کے اس ملک میں یہ پہلی ہلاکت ہے۔ہنگری میں حکام کے مطابق کے متاثرہ فرد کی ہلاکت جنوبی پیسٹ سینٹرل ہسپتال میں ہوئی۔ ہنگری میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 32 ہو چکی جبکہ 159 افراد کو فی الحال قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 53 ہو گئی

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں 13 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد پاکستان میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہو گئی ہے۔
صوبہ سندھ میں اب تک سب سے زیادہ 33 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں آج سامنے آنے والے سب سے زیادہ 13 کیسز سکھر سے تھے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق یہ تمام افراد ان 293 زائرین میں سے تھے جو تفتان سے سکھر آئے تھے اور ان تمام افراد کو پہلے سے ہی قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
ادھر پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 10 افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں یہ تعداد پانچ ہے۔

امریکی ایئرپورٹس پر سکریننگ کے باعث افراتفری

کورونا وائرس کی سکریننگ کے دوران امریکہ میں کئی ایئرپورٹس پر افراتفری کے مناظر سامنے آئے ہیں۔

کئی ایئرپورٹس پر یورپ سے آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے خاص اقدامات کیے گئے ہیں۔
کسٹمز سے گزرنے سے قبل انھیں لمبی قطاروں میں گھنٹوں کھڑا کیا گیا تاکہ سکریننگ کا عمل مکمل کیا جاسکے۔
امریکہ نے کورونا وائرس کے 2700 کیسز کی تصدیق کی ہے جبکہ 54 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ نے برطانیہ اور آئرلینڈ سمیت یورپ سے آنے والوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں جن میں مسافر ایئرپورٹ کے ٹرمینل پر انتظار میں کھڑے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading