
کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے پوری دنیا پریشان ہے اور ابھی تک اس کا نہ تو کوئی علاج سامنے آ سکا ہے اور نہ ہی ویکسین بازار میں دستیاب ہے۔ بچے، جوان، ضعیف سبھی اس انفیکشن کی وجہ سے موت کے شکار بن رہے ہیں۔ اس درمیان جنوبی افریقہ سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں محض دو دن کا ایک بچہ کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ یہ کورونا سے ہلاک ہونے والا غالباً دنیا کا سب سے کم عمر بچہ ہے.
جنوبی افریقہ کی وزارت صحت نے نوزائیدہ بچے کی کورونا سے ہلاکت کی خبر بدھ کی دیر شب ایک بیان جاری کرکے دی۔ وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’بدقسمتی سے ملک میں کورونا وائرس سے متاثر پہلے بچے کی موت ہوئی ہے، جس کی عمر محض دو دن تھی۔ اس بچے کی پیدائش وقت سے پہلے ہوئی تھی۔ نوزائیدہ کی ماں کورونا پازیٹو ہے اور بچہ بھی اسی انفیکشن سے متاثر پایا گیا تھا۔‘‘َ وزارت نے متاثرہ ماں کے تئیں اظہار ہمدردی کیا ہے.