ناندیڑ:یکم اپریل(ورق تازہ نیوز)ملک میں فی الحال مہلک کورونا مرض کی وباءپھیلی ہوئی ہے ۔جسے روکنے کیلئے حکومت مختلف اقدامات اٹھارہی ہے اسی کے مدنظرناندیڑضلع کلکٹر نے بھی 17مارچ 2020 کوایک مکتوب جاری کرتے ہوئے تمام مذہبی مقامات پرہجوم کو روکتے ہوئے احتیاط برتنے کاحکم دیاتھا ۔
اس تعلق سے پولس اسٹیشن وزیر آبادناندیڑ کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ ‘ سچکھنڈ گرودوارہ ناندیڑ کو تحریری مکتوب دیتے ہوئے سچکھنڈ گرودوارہ میں آنے والے زائرین کے ہجوم کوروکنے کےلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اورضلع کلکٹر کے احکامات پرسختی سے عمل آوری کیلئے کہا گیا تھا ۔
اسلئے وزیر آباد پولس نے سچکھنڈ گرودوارہ کادورہ کیا تو اس وقت وہاں کے لنگرصاحب گرودوارہ سے سچکھنڈ گورودوارہ کی طرف آنے والے زائرین کی تعداد کافی زیادہ نظر آئی ۔اورگرودوارہ میں زائرین کوبلا اجازت درشن کیلئے آنے دیاجارہا ہے ۔جس سے واضح اندازہ ہوتاہے کہ یہاں پرسوشل ڈسٹنسنگ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے ۔ اس لئے ضلع کلکٹر اور ایس پی نے بذات خود گرودوارہ کادورہ کیا اور انتظامیہ کوہدایت دی کہ وہ ہجوم کو کم کرنے کیلئے کوشش کریں ۔
اسکے باوجود گرودوارہ انتظامیہ نے اس پرعمل آوری نہیں کی اور زائرین کی زندگیوں کو جوکھم میں ڈالے رکھا ہے۔ لاک ڈاون کے احکامات اور Cr.P.C.کی دفعہ 144 نافذہونے پرمذہبی مقام پر لوگوں کوداخلہ نہ دیاجائے اس طرح کے واضح احکامات دئے گئے تھے۔ جس پر گرودوارہ انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی۔
حالانکہ اس ضمن میں گرودوارہ انتظامیہ کو نوٹس اورمکتوب بھی بھیجاگیاتھا ۔ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر گردوارہ کے سپرنٹنڈنٹ اوردیگر دو سرکاری عہدیدران کے خلاف پولس اسٹیشن وزیر آباد میں جرم نمبر 162/2020دفعہ 188‘270‘336 تعزیرات ہنداوردفعہ 51(B)قومی آفات انتظامی ایکٹ 2005اور دفعہ 11 مہاراشٹر کووڈ 19 اقدامات 2020 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔اس معاملے کی تفتیش ایس پی وجئے کمار مگر ‘دت رام راٹھوڑایڈیشنل ایس پی ‘ابھیجت فکسے ڈی واے ایس پی ‘پی آئی سندیپ شیولے کی رہنمائی میں اے پی آئی سنیل پنگڑے کررہے ہیں۔