جموئی 10فروری ( یواین آئی) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی) لیڈر اور جواہرلال نہرو یونیورسیٹی ( جے این یو) طلبایونین کے سابق صدر کنہیا کمار کا قافلہ بہار میں سپول کے بعد آج جموئی میں حملے کا شکار ہو گیا ۔
مسٹر کمار اتوار کو ’جن گن یاترا ‘ پر جموئی پہنچے تھے ۔ جہاں انہوں نے ایک اجلاس کو خطاب کیاتھا ۔ جموئی میں رات کو قیام کرنے کے بعد ان کا قافلہ پیر کو جیسے ہی مہیشوری بس اسٹینڈ کے پاس پہنچا کچھ لوگوں نے ان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے حملہ کر دیا ۔ حملہ کرنے والے نوجوان جائے مقام سے چلے گئے لیکن مسٹر کمار کے حامیوں اور مقامی لوگوں کے مابین کافی نوک جھونک ہوئی ۔ بعد میں موقع پر موجود پولیس اور افسران نے معاملے کو پرسکون کرایا ۔ اس کے بعد مسٹرکمار کا قافلہ آگے بڑھا ۔
جموئی کے اسٹیڈیم میدان میں اتوار کو منعقدہ پروگرام کے بعد بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے کارکنان نے نعرے بازی کی تھی ۔
غورطلب ہے کہ اس سے قبل قافلے پر سپول میں بھی حملہ کیا گیا تھا ۔ بدھ کو سپول میں عوامی اجلاس کو خطاب کرنے کے بعد سہرسہ جارہے مسٹر کمار کے قافلے پر ملک چوک کے پاس کچھ لوگوں نے پتھر وںسے حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں قافلے کی ایک گاڑی کے ڈرائیور کا سر زخمی ہوگیا جبکہ کنہیا کو بھی معمولی طور پر زخمی ہوگئے تھے ۔