کشمیر میں نئے سیکورٹی فورسز بنکروں کا جال بچھنا شروع

سری نگر: مرکزی حکومت کی طرف سے 5 اگست کو جموں کشمیر کو لیکر لئے گئے فیصلوں سے پیدا شدہ صورتحال کے بیچ وادی کشمیر میں نئے سیکورٹی فورسز بنکروں کا جال بچھنا شروع ہوگیا ہے۔ وادی بالخصوص گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران دو درجن سے زائد جگہوں پر سیکورٹی فورسز کے نئے بنکر قائم کئے گئے ہیں۔

سری نگر کے سول لائنز میں جہانگیر چوک فلائی اوور کے نیچے سیکورٹی فورسز نے اپنا ایک بنکر قائم کیا ہے۔ سری نگر میں کرن نگر، ایم اے روڑ، ریڈیو کشمیر، بربرشاہ، حیدر پورہ، مہجور نگر، برین نشاط، بڈیاری چوک ڈل گیٹ سمیت متعد جگہوں پر بھی سیکورٹی فورسز نے نئے بنکر تعمیر کئے ہیں۔ اس کے علاوہ درجنوں مقامات پر سیکورٹی فورسز و ریاستی پولیس نے اپنے عارضی پکٹ قائم کئے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر 9 اضلاع میں بھی کہیں پختہ تو کہیں عارضی بنکر تعمیر کئے گئے ہیں۔ ان میں سے بیشتر بنکر سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی طرف سے قائم کئے گئے ہیں۔

مقامی لوگوں نے نئے بنکروں کی تعمیر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف حکومت حالات میں بہتری کا دعویٰ کرتی ہے جبکہ دوسری طرف نئے بنکروں کی تعمیر کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے بنکروں کی تعمیر سے مقامی لوگوں کے لئے نئے خطرات پیدا ہوئے ہیں۔

وادی میں نئے بنکر کیوں تعمیر کئے جارہے ہیں اس کی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے مواصلاتی پابندی کی وجہ سے کسی بھی سیکورٹی عہدیدار سے رابطہ نہیں کیا جاسکا۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading